روس پر نئی پابندیاں، امریکی سینیٹ میں بل منظور
28 جولائی 2017امریکی سینیٹ میں روس پر نئی پابندیوں کی قرارداد کے حق میں ايک سو اراکین میں سے اٹھانوے نے ووٹ ڈال کر اس کی منظوری دی۔ اس قانونی قرارداد کو امریکی ایوانِ نمائندگان نے بھی بھاری اکثریت سے منظور کیا تھا۔ ایوانِ نمائندگان کے 419 اراکین نے اس کے حق میں ووٹ دیا تھا جبکہ صرف تین ارکان مخالفت میں تھے۔
ٹرمپ دور میں امریکا کے ساتھ روسی تعاون بہتر ہو سکتا ہے، پوٹن
روس کے ساتھ تعمیری انداز میں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، ٹرمپ
تجزیہ کاروں کے مطابق اس قانون کی توثیق میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے اور اِس منظوری کے بعد روس کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی اُن کی کوششوں کا عمل رک بھی سکتا ہے۔ اس قانونی بل کی حمایت میں ری پبلکن پارٹی اور ڈیموکریٹک پارٹی کے اراکین مشترکہ طور پر سرگرم تھے۔
یہ امر اہم ہے کہ سن 2016 میں امریکی صدارتی انتخابات میں روس کی مبینہ مداخلت کے حوالے سے کانگریس کے ساتھ ساتھ ایک خصوصی وکیل بھی تفتیشی عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ روس کے صدر ولادیمیر پوٹن اس مبينہ مداخلتی عمل کی تردید کرتے آئے ہیں۔ بل میں ایسی ایک شق بھی شامل ہے کہ کانگریس روس پر عائد پابندیوں کو نرم کرنے کے عمل کو روکنے کی مجاز ہو گی۔
سینیٹ سے پابندیوں کی قانونی قرارداد کی منظوری کے بعد اب اِسے توثیق کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھیجا جائے گا۔ بل کو ٹرمپ ویٹو بھی کر سکتے ہیں۔ ماضی میں امریکی صدور کانگریس کے منظور شدہ قانونی بلز کو ویٹو کرتے رہے ہیں۔
سینیٹ میں جس قانونی قرارداد کی منظوری دی گئی ہے، اس میں ایران اور شمالی کوریا کے خلاف بھی نئی پابندیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ اس بل کے حوالے سے سینیٹر جان مککین کا کہنا ہے کہ سینیٹ اور ایوانِ نامائندگان کی منظوری سے روس اور کسی بھی دوسرے جارحانہ ملک کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ امریکی جمہوریت پر کسی قسم کے حملے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔