1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روسی اور يوکرينی سرحدی علاقوں پر بمباری

8 ستمبر 2024

روسی اور يوکرينی افواج نے ايک دوسرے کے سرحدی علاقوں پر بمباری کا الزام لگايا ہے۔ ادھر امريکا نے انديشہ ظاہر کيا ہے کہ ايران نے روس کو بيلسٹک ميزائل فراہم کيے ہيں۔

https://p.dw.com/p/4kOrb
Ukrainische Luftabwehr schießt Shahed-Drohne über Kiew ab
تصویر: Evgeniy Maloletka/AP/picture alliance

يوکرين اور روس، دونوں نے ايک دوسرے پر اپنے اپنے سرحدی علاقوں پر رات گئے فضائی حملوں کا الزام لگايا ہے۔

روسی حکام کے مطابق سومی کے خطے ميں دو افراد ہلاک اور چار ديگر زخمی ہو گئے، جب کہ بیلگرود ميں يوکرينی بمباری سے تين افراد زخمی ہو گئے۔ چند گاڑيوں اور رہائشی عمارات کو بھی نقصان پہنچا۔ يوکرينی فوج نے ٹيلی گرام پر جاری کردہ ايک پيغام ميں يہ تفصيلات بتائيں۔

کييِف کے اوپر ايک ڈرون کی تباہی کا منظر
کييِف کے اوپر ايک ڈرون کی تباہی کا منظرتصویر: Evgeniy Maloletka/AP/picture alliance

علاقائی گورنر نے ٹيلی گرام پر اتوار کو جاری کردہ ايک پيغام کے ذريعے مطلع کيا کہ روس کے جنوب مغربی خطے بیلگرود ميں جو تين شہری زخمی ہوئے، ان ميں دو بچے شامل ہيں۔ انہوں نے مزيد بتايا کہ دو رہائشی عمارات تباہ ہو گئيں جبکہ مجموعی طور پر 15 کو نقصان پہنچا۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق ہفتے اور اتوار کی درميانی شب بیلگرود ميں کم از کم دو يوکرينی ڈرونز کو مار گرايا گيا۔

روسی اور يوکرينی افواج کے مابين شديد جھڑپيں

روسی يوکرينی جنگ کے پانچ سو دن

ایران کی روس کو بلیسٹک میزائلوں کی فراہمی، یوکرین کی تشویش

يوکرينی فوج کے مطابق رات گئے روس کی جانب سے مجموعی طور پر 23 ڈرون حملے کيے گئے، جن ميں سے يوکرين نے پندرہ ڈرون مار گرائے۔ دو ڈرون اور تين ميزائل اپنے اہداف تک نہ پہنچ پائے، انہيں ممکنہ طور پر يوکرين کے اليکٹرانک دفاعی نظام نے تباہ کيا۔

يوکرينی سرحدی علاقے سومی اور اس سے متصل روسی سرحدی علاقہ بیلگرود آج کل حملوں کی زد ميں ہيں۔ دونوں فريقوں کا کہنا ہے کہ ان کی جانب سے شہری علاقوں اور شہری اہداف کو نشانہ نہيں بنايا جاتا بلکہ ايسی عسکری تنصيبات کے خلاف حملے کيے جاتے ہيں، جو جنگ ميں استعمال ہو رہی ہيں۔

روس نے فروری سن 2022 ميں يوکرين کے خلاف باقاعدہ جنگ شروع کی تھی۔ تب سے اب تک اس جنگ ميں ہزارہا افراد ہلاک ہو چکے ہيں۔ يوکرين کے کئی ملين شہری بے گھر بھی ہو چکے ہيں۔

Iran neue Rakte Sayyad 4B
تصویر: SalamPix/ABACA/picture alliance

ايران نے ممکنہ طور پر روس کو اسلحہ فراہم کيا ہے، امريکا کا الزام

دريں اثناء امريکا نے اپنے اتحاديوں کو بتايا ہے کہ ايران نے ممکنہ طور پر کم فاصلے تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے والے بيلسٹک ميزائل روس کو فراہم کيے ہيں۔ فوری طور پر اس بارے ميں مزيد تفصيلات نہيں بتائی گئيں۔ يہ خبر انٹيليجنس کے ذرائع سے جاری کی گئی ہے جبکہ وائٹ ہاوس نے اس پر رد عمل ظاہر کرنے سے گريز کيا۔

امريکا کئی ماہ سے ايران کو خبردار کرتا آيا ہے کہ روس کو اسلحے کی فراہمی يا اشتعال انگيزی ناقابل قبول ہو گی۔

جنگ کے دنوں میں محبت کی تلاش

ع س/ا ب ا (روئٹرز)