1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تاريخ

’ریاست مخالف اقدامات‘ پر کوئی سمجھوتہ نہیں، پاکستانی فوج

بینش جاوید
13 اپریل 2017

پاکستانی فوج کی اعلیٰ ترین قیادت نے راولپنڈی میں ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں مبینہ بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو کے حوالے سے کہا کہ ایسے ’ریاست مخالف اقدامات‘ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/2bCQj
Pakistan angeblicher indische Spion zum Tode verurteilt
اس مبینہ بھارتی ایجنٹ کو گزشتہ برس پاکستان کے جنوب مشرقی صوبے بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھاتصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Naveed

پاکستانی فوج کے شعبہء تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق 201 ویں کور کمانڈرز کانفرنس راولپنڈی میں فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں جمعرات تیرہ اپریل کو ہوئی۔ اس کانفرنس کی صدارت فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کی۔ بیان میں کہا گیا، ’’کانفرنس کے شرکاء کو بھارتی  ایجنٹ کلبھوشن سدھیر یادیو کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ریاست کے خلاف اقدامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔‘‘

اس مبینہ بھارتی ایجنٹ کو گزشتہ برس پاکستان کے جنوب مشرقی صوبے بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کے خلاف مقدمہ پاکستان کی ایک فوجی عدالت میں چلایا گیا۔ اس مقدمے میں کلبھوشن یادیو کو قصور وار ٹھہرایا گیا اور حال ہی میں اسے عدالت نے سزائے موت سنا دی تھی۔ اس مقدمے میں فیصلے کے حوالے سے پاکستانی فوج نے تب ایک بیان میں کہا تھا کہ یادیو نے عدالت کو بتایا تھا کہ اسے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ نے ’’پاکستان کے خلاف جنگ کرنے اور پاکستان کو غیر مستحکم بنانے‘‘ کی ذمہ داری سونپی تھی۔

Pakistan angeblicher indische Spion zum Tode verurteilt
اس مبینہ بھارتی ایجنٹ کو گزشتہ برس پاکستان کے جنوب مشرقی صوبے بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھاتصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Naveed

تاہم بھارت ایسے دعووں اور الزامات کی نفی کرتا ہے اور نئی دہلی حکومت نے کہا ہے کہ اگر بھارتی شہری کلبھوشن یادیو کو قانون اور انصاف کے مروجہ تقاضوں کا خیال رکھے بغیر سزا دی گئی تو بھارتی ریاست اور عوام اسے ’جان بوجھ کر کیا جانے والا ایک قتل‘ گردانیں گے۔