ریاستی وزیراعلیٰ کو کٹھ پتلی کہنے والا صحافی گرفتار
19 دسمبر 2018بھارت کی شمال مشرقی ریاست مَنی پور کے ایک ٹیلی وژن چینل سے منسلک صحافی کشور چندر وانگ کھیم کو اس لیے گرفتار کیا گیا ہے کہ اُس نے ریاستی وزیراعلیٰ این بیرن سنگھ کو وفاقی حکومت اور وزیراعظم نریندر مودی کا کٹھ پتلی قرار دیا ہے۔ اس حوالے سے صحافی وانگ کھیم نے کئی ویڈیو کلپس سوشل میڈیا پر اپ لوڈ بھی کیے۔
گرفتار ہونے والے صحافی کے وکیل این وکٹر نے ٹیلی فون پر نیوز ایجنسی روئٹرز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل کی گرفتاری کی بنیاد کوئی نہیں اور یہ صرف حکومتی جبر ہے۔ وکٹر نے یہ بھی کہا کہ یہ حکومتی اختیار اور قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے، جو قابل مذمت ہے۔ صحافی کی گرفتاری کے خلاف جو اپیل دائر کر دی گئی ہے۔ اس اپیل کی سماعت ججوں کا ایک پینل جمعرات بیس دسمبر کو کرے گا۔
وانگ کھیم کی اہلیہ رنجیتا ایلانگبام نے نیوز ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ اُن کے شوہر کو ریاستی حکومت نے ملک کے منافی اقدامات کے تحت اکیس نومبر کو حراست میں لیا لیکن پچیس نومبر کو وہ ضمانت پر رہا کر دیے گئے۔ اس کے بعد ستائیس نومبر سے وہ دوبارہ گرفتاری کے بعد جیل میں ہیں۔ اس دفعہ انہیں نیشنل سکیورٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے اور اس کے تحت وہ بغیر عدالتی کارروائی کے ایک برس تک جیل میں مقید رکھے جا سکتے ہیں۔
بھارت میں مختلف صحافیوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی اور وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کے سوشل میڈیا پر قومی سلامتی کے تناظر میں سخت قوانین کے نفاذ پر تنقید کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ اس حوالے سے بھارتی ذرائع ابلاغ سے منسلک صحافی نئی دہلی میں مودی سرکار کے خلاف احتجاج کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
بھارت کو دنیا کے کثیر الجہت ذرائع ابلاغ کے حامل ممالک میں شمار کیا جاتا ہے۔ میڈیا آزادی کے عالمی انڈیکس پر بھارت کی پوزیشن 138ویں ہے۔ یہ باعث حیرت ہے کہ بھارت کا ورلڈ پریس فریڈم میں مقام افریقی ملک زمبابوے سے بھی نیچے ہے۔ اس کی وجہ سینسر شپ کے مختلف مگر سخت قوانین اور گزشتہ برسوں میں کئی صحافیوں کا قتل ہے۔