1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سابق پاکستانی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد گرفتار کر لیے گئے

2 فروری 2023

شیخ رشید کو سابق پاکستانی صدر آصف زرداری پر عمران خان کو قتل کرانے کی سازش کا الزام لگانے پر گرفتار کیا گیا ہے۔عمران خان نے گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی بنیادوں پر تاریخ میں کبھی کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/4N0Dc
Pakistan | Sheikh Rashid Ahmad
تصویر: Aamir Qureshi/AFP/Getty Images

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور پی ٹی آئی کے اتحادی سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو اسلام آباد پولیس نے جمعرات کی اولین ساعتوں میں گرفتار کرلیا۔ شیخ رشید کے بھتیجے راشد شفیق نے میڈیا سے گفتگو میں گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک رہنما راجہ عنایت خان نے درخواست دائر کی تھی کہ شیخ رشید نے ایک سازش کے تحت سابق صدر آصف علی زرداری پر الزام لگایا تھا۔

انہوں نے اپنے ایک نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں آصف زرداری پر تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو قتل کرانے کی سازش  کا الزام لگایا تھا۔ راجہ عنایت خان کا کہنا ہے کہ اس الزام کی وجہ سے سابق صدر اور ان کے خاندان کی زندگی خطرے میں پڑ گئی ہے۔

انہوں نے اپنی شکایت میں کہا تھا کہ شیخ رشید اس من گھڑت اور بے بنیاد سازش کا ذکر کرکے پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی میں تصادم کرانا چاہتے ہیں تاکہ ملک کا امن خراب ہو۔

سوشل میڈیا پر اس ایف آئی آر کی کاپی بھی گردش کر رہی ہے، جو راجہ عنایت الرحمان کی جانب سے شیخ رشید کے خلاف درج کروائی گئی تھی۔

بلاول کی ’بے نظیری خصوصیات‘ اور شیخ رشید کی معنی خیز مسکراہٹ

راشد شفیق کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے شیخ رشید کے خلاف دائر درخواست میں راحت دے دی تھی اس کے باوجود انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ جو ان کے بقول توہین عدالت کے مترادف ہے اور وہ اس گرفتاری کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔

عمران خان نے گرفتاری کی مذمت کی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے شیخ رشید احمد کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی بنیادوں پر تاریخ میں کبھی کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔

عمران خان نے ایک ٹویٹ کرکے کہا،"شیخ رشید کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ رسوائے زمانہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی مقرر کردہ ایسی متعصّب اور منتقم نگران حکومت تاریخ میں اس سے پہلے ہم پر کبھی مسلط نہ ہوئی۔"

سابق پاکستانی وزیر اعظم نے سوال کیا کہ "آیا پاکستان اس عوامی تحریک کا متحمل ہو سکتا ہے، جس کی جانب ہمیں ایسے وقت میں دھکیلا جا رہا ہے جب امپورٹڈ سرکار ہمارا دیوالہ نکال چکی ہے؟"

شیخ رشید کا کیا کہنا ہے؟

شیخ رشید نے اپنی گرفتاری کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سب کے پیچھے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا ہاتھ ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ کم از کم 100 افراد سیڑھیوں کی مدد سے ان کے گھر میں داخل ہوئے۔ دروازے اور کھڑکیاں توڑ دیں۔ گھر کی تلاشی لی اور ملازموں کو مارا پیٹا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی ضمانت منظور ہونے کے باوجود پولیس نے انہیں گرفتار کیا اور زبردستی اپنی گاڑی میں لے گئے۔

پاکستان میں سابق وزیر شیخ رشید حملے میں زخمی

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کو آبپارہ پولیس نے گرفتار کر کے تھانہ منتقل کیا۔ اس سے قبل اسلام آباد پولیس نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے شیخ رشید کو پولیس کے سامنے پیش ہونے کا آخری موقع دیا تھا۔

ج ا/ ص ز (نیوز ایجنسیاں)