1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سالگرہ پر سب کے لیے مفت کوکین، جرمن خاتون گرفتار

مقبول ملک7 فروری 2014

جرمن دارالحکومت برلن میں پولیس نے ایک ایسی 76 سالہ خاتون کو گرفتار کر لیا ہے، جو ایک بار کی مالکہ ہے اور جس نے اپنی سالگرہ اس طرح منائی کہ اس کی بار میں آنے والا ہر مہمان مفت کوکین استعمال کر سکتا تھا۔

https://p.dw.com/p/1B4kc
تصویر: DW/A. Slavnic

نیوز ایجنسی اے ایف پی نے آج جمعے کے روز وفاقی دارالحکومت سے اپنی رپورٹوں میں بتایا کہ شہری ریاست برلن کی پولیس کے مطابق اس خاتون کو جمعرات چھ فروری کو حراست میں لیا گیا اور وہ ابھی تک پولیس کی تحویل میں ہے۔

اس خاتون نے فیصلہ کیا تھا کہ وہ اپنی 76 ویں سالگرہ اس طرح منائے گی کہ اس کی ملکیت شراب خانے میں آنے والا ہر مہمان اور گاہک، اگر وہ چاہے تو، بلا قیمت کوکین کا نشہ کر سکتا ہے۔ جب اس خاتون نے اپنے اس ارادے کو جمعرات کی شام عملی جامہ پہنانا شروع کیا، تو کچھ ہی دیر بعد کسی نے پولیس کو خبر کر دی کہ اس بار میں مہمانوں کو غیر قانونی ڈرگ دل کھول کر پیش کی جا رہی ہے۔

Symbolbild Alkoholismus Alkohol
تصویر: Fotolia/lassedesignen

پولیس کے ایک ترجمان کے بقول یہ اطلاع ملنے پر جمعرات کی رات چھاپہ مار کر نہ صرف اس خاتون کو گرفتار کر لیا بلکہ اس وقت اس کی بار میں بہت سے افراد ایسے بھی تھے، جنہوں نے کوکین کا نشہ کر رکھا تھا۔

پولیس ذرائع نے جرمن قوانین کے مطابق ملزمہ کا نام نہیں بتایا لیکن یہ تصدیق کر دی کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق جن افراد کو اس کی بار میں نشے کی حالت میں پایا گیا، انہیں کوکین اسی خاتون نے فراہم کی تھی۔

اسی خاتون کو پولیس نے چند ہفتے پہلے جنوری کے آخر میں بھی گرفتار کیا تھا۔ تب پولیس کو اس کی بار اور فلیٹ سے مجموعی طور پر 35 گرام کوکین ملی تھی۔ اس واقعے میں ملزمہ ابھی یکم فروری ہفتے کے روز ہی ضمانت پر رہا ہوئی تھی۔

اپنی سالگرہ کی پارٹی میں ہر خاص و عام کو مفت کوکین پیش کرنے والی اس خاتون کو پولیس نے اس مرتبہ صرف گرفتار ہی نہیں کیا بلکہ اس کا شراب خانہ بھی بند کر دیا گیا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید