سری لنکا سے ٹیسٹ سیریز: پاکستان کی 16 رکنی ٹیم کا اعلان
23 ستمبر 2017ہفتہ کی صبح قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کے اختتام پر چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ٹیم کا اعلان کیا۔ پاکستانی ٹیم میں پانچ فاسٹ باؤلرز کے علاوہ تین اسپنرز کو بھی جگہ دی گئی ہے، جن میں یاسر شاہ کے علاوہ لیفٹ آرمر محمد اصغر اور آف اسپنر بلال آصف بھی شامل ہیں۔ انضمام کا کہنا تھا کہ امارات میں وکٹیں بیٹنگ کی جنت ہیں، ’’ 40 درجہ حرارت کی گرمی میں ہم نے اپنی باؤلنگ کی قوت میں اضافہ کیا ہے تاکہ سری لنکا کو دو بار آؤٹ کیا جا سکے‘‘۔ چیف سلیکٹر کے مطابق فاسٹ باؤلرز کو ٹیسٹ سیریز میں باری باری موقع ملے گا۔
احمد شہزاد اور شاداب خان ٹیسٹ ٹیم میں اپنی جگہ سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ آل راؤنڈر بلال آصف اور کراچی کے نوجوان فاسٹ باؤلر میر حمزہ کو پہلی بار پاکستان ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
ٹیم کا اعلان جمعہ کو مایہ ناز لیگ اسپنر یاسر شاہ کے فٹنس مسائل کے سبب چوبیس گھنٹے کے لیے مؤخر کردیا گیا تھا۔ انضمام نے بتایا، ’’یاسر کی بہت وکٹیں ہیں لیکن ہم فٹنس پر کوئی سمجھوتہ کرنے کو تیارنہیں۔ یاسر شاہ نے آج فٹنس ٹیسٹ کلیئر کر لیا ہے اور یو یو ٹیسٹ میں 5۔17 اسکور کرنے کے بعد ہی ٹیم میں شامل ہو سکے۔‘‘
31 سالہ یاسر شاہ تین سال قبل اپنا کیریئر شروع کرنے کے بعد سے ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے سب سے کامیاب باؤلر ہیں تاہم رواں برس دورہ ویسٹ انڈیز میں 25 وکٹوں کے ساتھ مین آف دی سیریز قرار پانے کے باوجود بمشکل ٹیم میں جگہ بنا سکے۔ یاسر کے بڑھتے ہوئے وزن نے گزشتہ کئی ہفتوں سے کوچ مکی آرتھر اور سلیکشن کمیٹی کی نیندیں حرام کر رکھی تھیں۔ انضمام الحق نے بتایا کہ اظہرعلی بھی زخمی ہیں تاہم وہ انجیکشن لیکر کھیلیں گے اور پہلے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے۔
ٹیسٹ ٹیم میں پہلی بار آنے والے 25 سالہ میر حمزہ بائیں ہاتھ کے تیز باؤلر ہیں اور 46 فرسٹ کلاس میچوں میں 216 وکٹیں لے چکے ہیں۔ بطور آف اسپنرسکواڈ میں آنے والے بلال آصف اپنے چھ سالہ کیریئر میں 38 وکٹ لے سکے ہیں۔ چیف سلیکٹر کے مطابق میر حمزہ نے سیزن میں 50 وکٹیں لیں جس کا انہیں صلہ مل رہا ہے۔
ٹیم میں اوپنر سمیع اسلم اور حارث سہیل کی واپسی ہوئی ہے۔ انضمام کا کہنا تھا کہ حارث سہیل اور عثمان صلاح الدین مڈل آرڈر میں یونس اور مصباح الحق کی جگہ لینے کی اہلیت رکھتے ہیں لیکن دوسرے کھلاڑیوں پر بھی دروزے کھلے ہیں۔
واضح رہے کہ مصباح اور یونس کے بعد پاکستان کی یہ پہلی ٹیسٹ سیریز ہو گی اور سرفراز احمد پہلی بار طویل دورانیے کی کرکٹ میں قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔ انضمام نے بتایا کہ سرفراز احمد کی کارکردگی ٹیسٹ کرکٹ میں اچھی رہی اور وہی اس وقت کپتانی کے لیے بہترین چوائس ہیں۔
محمد حفیظ کو مسلسل نظر انداز کیے جانے اور شان مسعود کو ایک موقع اور دیے جانے کے بارے میں انضمام کہتے ہیں، ’’ہم ان دنوں نوجوان کھلاڑیوں کو آزما رہے ہیں۔ شان مسعود کو ویسٹ انڈیز میں صرف ایک ٹیسٹ مل سکا میری سلیکشن کمیٹی کی پالیسی ہے کہ ہر ایک کو پورا موقع دیا جائے۔‘‘ ایک اور اوپنر سلمان بٹ سے متعلق انضمام نے بتایا کہ سلمان کو پہلی بار تربیتی کیمپ میں بلایا گیا تھا، ہم انہیں قومی ٹیم میں لانے سے پہلے اے ٹیم میں شامل کریں گے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ جمعرات 28 ستمبر کو ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا ٹیسٹ دبئی میں ڈے نائٹ ہو گا۔
پاکستان ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: سرفراز احمد کپتان، اظہر علی، شان مسعود، سمیع اسلم، بابر اعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، عثمان صلاح الدین، محمد عامر،حسن علی، یاسر شاہ، محمد اصغر، محمد عباس، بلال آصف، میر حمزہ اور وہاب ریاض۔