1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سری لنکا کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں

26 مارچ 2011

کرکٹ ورلڈ کپ مقابلوں کے آج کولمبو میں کھیلے گئے چوتھے کوارٹر فائنل میچ میں سری لنکا نے انگلینڈ کی ٹیم کودس وکٹوں سے ہرا دیا۔ اب سیمی فائنل میں سری لنکا کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہو گا۔

https://p.dw.com/p/10hwI
تصویر: dapd

 سری لنکا کی اننگز میں دونوں اوپنرز نے سینچریاں بنائیں اور آوٹ نہیں ہوئے۔ تھارنگا نے ایک سو دو اور دلشان نے ایک سو آٹھ رنز بنائے۔ دلشان کو پلئر آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ سری لنکا کی اننگز میں انگلش باؤلرز بالکل بےبس نظر آئے۔ اس میچ میں سری لنکا کو فتح چالیسویں اوور میں ملی جب تھارنگا نے ایک چوکا لگا کر اپنا ذاتی اسکور ایک سو دو اور اپنی ٹیم کا اسکور بغیر کسی وکٹ کے دو سو اکتیس تک پہنچا دیا۔

 قبل ازیں اس ڈے اینڈ نائٹ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ مہمان ٹیم کی پہلی وکٹ انتیس کے مجموعی اسکور پر گری جب کپتان سٹراؤس صرف پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ انگلینڈ کے دوسرے کھلاڑی بیل اس وقت آؤٹ ہوئے جب مجوعی اسکور ابھی صرف اکتیس تھا۔ انہوں نے پچیس رنز بنائے۔

Cricket Upul Tharanga
تھارنگا نے ایک سو دو رنز بنائےتصویر: AP

بعد میں ٹروٹ نے Bopara اور پھر مورگن کے ساتھ مل کر انگلینڈ کی ٹیم کو سہارا دیا۔ Bopara اکتیس رنز بنا کر اور مورگن پچاس کے ذاتی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی چوتھی اور پانچویں وکٹ 186 کے ٹوٹل اسکور پر گری۔ سوان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

انگلش ٹیم کے آؤٹ ہونے والے چھٹے کھلاڑی ٹروٹ تھے، جنہوں نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے چھیاسی رنز بنائے۔ وہ مرلی دھرن کی گیند پر جے وردھنے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی اننگز میں پرائر بائیس رنز بنا کر اور رائٹ ایک رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی طرف سے مرلی دھرن نے دو جبکہ ملنگا، دلشان، میتھیوز اور مینڈس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس میچ  میں انگلینڈ نے پچاس اووروں میں  چھ وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنائے تھے اور یوں سری لنکا کو فتح کے لیے230 رنز کا ٹارگٹ ملا تھا۔ سیمی فائنل مرحلے میں اب سری لنکا کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہو گا  جبکہ پہلا سیمی فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان بدھ کو کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں