سری لنکا کے سابق جنگ زدہ علاقے میں ٹرین سروس بحال
13 اکتوبر 2014صدر راجا پاکسے جزیرہ نما جافنا کے جنوبی علاقے پالائی سے ایک خصوصی ٹرین میں سوار ہوئے جو سری لنکا کی تامل نسلی اقلیت کے ثقافتی دارالحکومت پہنچی۔
اس دوران یہ ٹرین تین ریلوے اسٹیشنوں پر رکی جن کی تعمیر نو کی گئی۔ اس کے ساتھ ہی ڈھائی سو کلومیٹر طویل پٹری بھی از سر نو بنائی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق تامل باغیوں اور حکومتی فورسز کے درمیان لڑائی کے نتیجے میں اس خطے کا پورا ریلوے نیٹ ورک تباہ ہو گیا تھا۔
سری لنکا کے وزیرِ ٹرانسپورٹ کمارا ویلگاما کے مطابق اس ٹرین سروس کی بحالی اس بات کی مظہر ہے کہ دہائیوں کی جنگ کے بعد جافنا تیز تر ترقی کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔
جافنا سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے شمال میں چار سو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ وہاں کے لیے ٹرین سروس جون 1990ء میں حکومتی فورسز اور علیحدگی پسند تامل ٹائیگر باغیوں کے درمیان فائر بندی کی ناکامی پر رُک گئی تھی۔
باغیوں نے جافنا پر پانچ برس حکومت کی۔ وہ اسے اپنی علیحدہ ریاست قرار دیتے تھے۔ تاہم 1995ء میں حکومتی فورسز نے ایک بڑی کارروائی کے نتیجے میں انہیں وہاں سے نکال باہر کیا۔ اس کے باوجود اس کے شمالی علاقے میں لڑائی جاری رہی جس کی وجہ سے ٹرین سروس بحال نہیں ہو سکی تھی۔
باغیوں نے پٹریاں اکھاڑ دیں تھیں جبکہ وہ بوگیوں کو بنکر بنا کر استعمال کرنے لگے تھے۔ بالآخر حکومت مئی 2009ء میں اس بغاوت کو کچلنے میں کامیاب ہو ہی گئی۔ حکومتی فورسز نے تامل باغیوں کو شکست دے کر طویل عرصے تک جاری رہنے والی نسلی جنگ کو ختم کر دیا تھا۔ حتمی لڑائی کے دوران ’نو فائر‘ زون میں فوج کی بمباری میں شہریوں کی مبینہ ہلاکتوں پر کولمبو حکومت کو جنگ کے خاتمے سے ہی عالمی تنقید کا سامنا ہے۔
باغیوں کی شکست کے بعد خطے میں تعمیر نو کا کام بھی شروع کر دیا گیا جس میں ریل کی نئی پٹریاں بچھانا بھی شامل تھا۔ اس علاقے میں ریلوے کی بحالی کا کام 2011ء میں شروع ہوا تھا۔
واضح رہے کہ جافنا میں پہلی مرتبہ گزشتہ صدی کے اوائل میں اس وقت کے برطانوی حکمرانوں نے پٹری بچھائی تھی۔ تاہم ان نئی پٹریوں کو سری لنکا کی تیز ترین ریلوے لائن قرار دیا جا رہا جس پر ٹرینیں ایک سو بیس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ سکتی ہیں۔