1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سری لنکا کے ہاتھوں پاکستان کو شکست

12 جون 2009

ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے ایک میچ میں جمعہ کو سری لنکا کی ٹیم نے پاکستان کو19 رنز سے شکست دے دی۔

https://p.dw.com/p/I8OC
سری لنکا نے اس جیت کے ساتھ ہی سپر ایٹ مرحلے میں اپنی پوزیشن بہتر بنا لی ہےتصویر: AP

سری لنکا کے بلے بازوں نے پاکستان کے سامنے بظاہر ایک آسان ہدف رکھا تھا تاہم سری لنکا کے باؤلرز نے پاکستانی ٹیم کو131 رنز سے آگے نہ بڑھنے دیا۔ پاکستان کی جانب سے سوائے یونس خان، شعیب ملک اور مصباح الحق کے کوئی بلے باز بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔ یونس خان نے 37 گیندوں کا سامنا کیا اور نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے۔ شعیب ملک نے 20 گیندوں پر 28 رنز بنائے۔ مصباح الحق نے مقابلتا سست روی سے کھیلتے ہوئے 28 گیندوں پر 21 رنز بنائے۔

اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ سری لنکا کے طرف سے اوپنر تلک رتنے دلشان نے 46 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ جے سوریا 26، جے وردھنے 19 اور کپتان سنگاکارا 15رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

سری لنکا کی ٹیم نے ابتداء میں تیز رفتاری سے رنز بنائے تاہم بعد میں پاکستانی فیلڈروں اور باؤلروں کی بہتر کارکردگی نے انہیں کھل کر شارٹس کھیلنے اور آسانی سے رنز حاصل کرنے سے روک دیا۔ سری لنکا کی ٹیم نے آخری بارہ اووروں میں مجموعی سکور میں صرف ستر رنز کا اضافہ کیا۔

پاکستان کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کے لئے یہ ہدف انتہائی آسان سمجھا جا رہا تھا تاہم نتیجہ اس کے بالکل برعکس نکلا۔ پاکستانی بلے باز ایک کے بعد ایک کرکے پویلین کی جانب لوٹتے چلے گئے اور مقررہ بیس اووروں میں نو کھلاڑیوں کے نقصان پر پاکستانی ٹیم صرف 131 رنز بنا سکی۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : مقبول ملک