1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سعودی عرب میں سیاسی اور معاشی اصلاحات کے لیے مظاہرے

11 مارچ 2011

سعودی عرب کے حکمرانوں نے جمعے کے روز مزید مظاہروں سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی سخت کردی ہے۔

https://p.dw.com/p/10XPv
جمعے کے روز ریاض میں سکیورٹی کے سخت انتظامات دیکھے گئےتصویر: AP

سعودی عرب کی سلطنت میں سیاسی اور معاشی اصلاحات کے حامی افراد کے مظاہرے جاری ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق جمعرات کے روز پولیس نے تین شیعہ مظاہرین کو گولی مار کے زخمی کردیا تھا۔

سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ فیس بک اور ٹویئٹر پر مظاہرین اور ان کے حامیوں نے جمعہ گیارہ مارچ کو ’غصّے یا اشتعال ‘ اور ’انقلاب کا دن‘ بھی قرار دیا ہے۔

König Abdullah Ölpreis Krisengipfel in Dschiddah Saudi Arabien erhöht Liefermenge
سعودی بادشاہت کے لیے خطرے کی گھنٹی؟تصویر: AP

جمعے کے روز دارلحکومت ریاض میں سکیورٹی کے سخت انتظامات دیکھے گئے۔ سعودی وزارتِ داخلہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی نوعیت کا مظاہرہ غیر قانونی ہے اور اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔

صورتِ حال میں کشیدگی جمعرات کی شام اس وقت رونما ہوئی، جب سکیورٹی فورسز نے مشرقی صوبے کے شہر القطیف میں شیعہ مظاہرین پر گولیاں چلا دیں اور تین کو زخمی کردیا۔ حکّام کے مطابق پولیس کی جانب  سے گولیاں چلائے جانا جوابی کارروائی تھی، اور مظاہرین میں سے ایک شخص نے پولیس پر پہلے فائر کیا تھا۔ مظاہرین مطالبہ کر رہے تھے کہ چودہ برس سے مقیّد نو شیعہ مصلحوں کو رہا کیا جائے۔

واضح رہے کہ شمالی افریقہ اور عرب ممالک میں سیاسی و معاشی اصلاحات کے لیے وسیع پیمانے پر مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ تیونس اور مصر میں ان مظاہروں کے باعث حکومتیں تبدیل ہو چکی ہیں اور لیبیا میں معمر قذافی کا اقتدار ہچکولے کھا رہا ہے۔ سعودی حکومت اپنے ہاں اس نوعیت کے مظاہروں کے امکان سے خائف نظر آ رہی ہے اور ایسی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے اس نے ملک بھر میں سکیورٹی بڑھا دی ہے۔

Barack Obama König Abdullah
امریکہ آزمودہ سعودی اتحادیوں کا ساتھ دے گا یا جمہوریت نوازوں کا؟تصویر: AP

دوسری جانب امریکہ بھی صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ عمومی طور پر تیل سے مالا مال سعودی ریاست کے شاہی خاندان کی سیاسی حمایت کرنے والے امریکہ کا کہنا ہے کہ وہ انسانی حقوق سے متعلق جدوجہد کی حمایت کرتا رہے گا۔

دوسری جانب انسانی حقوق کی سعودی تنظیم ہیومن رائٹس فرسٹ نے القطیف میں مظاہرین پر گولیاں چلائے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اصلاح پسند مظاہرین ملک میں اوسط تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔

سعودی عرب میں مظاہروں کی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں گراوٹ دیکھی گئی ہے۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: عدنان اسحاق  

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں