1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’سعودی فوجی اتحاد کے کمانڈر راحیل شریف‘: دانش مندانہ فیصلہ؟

مقبول ملک
7 جنوری 2017

پاکستانی فوج کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف سعودی قیادت میں قائم کثیر القومی انسداد دہشت گردی فوج کی سربراہی کریں گے۔ ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان کے علاقائی طاقتوں کے ساتھ تعلقات پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/2VRTT
Pakistan Rawalpindi Adel al-Dschubeir bei Raheel Sharif
جنرل راحیل شریف کی گزشتہ برس جنوری میں سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر سے ان کے دورہ پاکستان کے دوران جی ایچ کیو میں ہونے والی ملاقات کے موقع پر لی گئی تصویرتصویر: picture-alliance/AA/ISPR

پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سے ہفتہ سات جنوری کو موصولہ جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق پاکستان آرمی کےسابق سربراہ کے لیے سعودی عرب کی قیادت میں کام کرنے والی بین الاقوامی انسداد دہشت گردی فوج کی کمان کرنا ایک اعزاز تو ہے لیکن کئی تجزیہ کاروں کو تشویش ہے کہ اس طرح پاکستان کی اس کثیر الملکی عسکری اتحاد میں شمولیت اسلام آباد کے کئی علاقائی طاقتوں کے ساتھ تعلقات پر منفی اثرات کا باعث بھی بن سکتی ہے۔

پاکستانی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے جمعہ چھ جنوری کی رات ملک کے ایک نجی ٹیلی وژن ادارے کے ایک ٹاک شو میں شرکت کے دوران اعلان کیا کہ راحیل شریف کو، جو گزشتہ برس نومبر تک پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف کے عہدے پر فائز تھے، 39 مسلم ممالک کے اس فوجی اتحاد کی قیادت سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو سعودی عرب کی قیادت میں اس لیے قائم کیا گیا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں پائے جانے والے متعدد خونریز تنازعات کے حل میں مدد کی جا سکے۔

ان تنازعات کے سلسلے میں ریاض حکومت کی طرف سے خاص طور پر یمن کی خانہ جنگی اور عسکریت پسند تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کی وجہ سے پیدا ہونے والے علاقائی سکیورٹی خطرات کا ذکر کیا جاتا ہے۔

Pakistan Verteidigungsminister Khawaja Muhammad Asif
راحیل شریف کی نئی عسکری ذمے داریوں سے متعلق اعلان خواجہ آصف نے جمعہ چھ جنوری کی رات کیاتصویر: picture-alliance/Anadolu Agency

جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کے آرمی چیف کے طور پر دور میں ہی پاکستان کے افغان سرحد کے ساتھ ملحقہ قبائلی علاقوں میں اس ملٹری آپریشن کو بھرپور اور نتیجہ خیز حد تک آگے بڑھایا گیا تھا، جس کا مقصد تب کافی حد تک لاقانونیت کے شکار ان پاکستانی قبائلی علاقوں سے اسلام کے نام پر عسکریت پسندی اور دہشت گردی کو ہوا دینے والے شدت پسندوں کا خاتمہ کرنا تھا۔

نومبر 2015ء میں راحیل شریف ابھی پاکستانی فوج کے سربراہ کے عہدے سے رخصت نہیں ہوئے تھے کہ تب ہی یہ افواہیں گردش کرنے لگی تھیں کہ ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں سعودی سربراہی میں عسکری اتحاد کا کمانڈر بنا دیا جائے گا۔

اس بارے میں پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف نے چھ جنوری کی رات مزید کوئی تفصیلات بتائے بغیر بس اتنا ہی کہا کہ راحیل شریف کو تین درجن سے زائد مسلم ممالک کے اس عسکری اتحاد کا فوجی کمانڈر بنانے کا فیصلہ اسلام آباد حکومت کے ساتھ مشاورت کے بعد اگلے چند روز میں باضابطہ شکل اختیار کر لے گا۔

دوسری طرف یہ بات بھی اہم ہے کہ پاکستان اکثریتی طور پر سنی مسلم آبادی والا ملک ہے جہاں شیعہ مسلمان بھی کوئی بہت چھوٹی مذہبی اقلیت نہیں ہیں اور ان کے بہت بڑے حصے کی مذہبی قربت زیادہ تر ایران اور ایرانی شیعہ اسلام کے ساتھ ہے۔

Jemen Zerstörung
یمنی خانہ جنگی کافی حد تک ایک شیعہ سنی تنازعہ بھی بن چکا ہےتصویر: Reuters/A.Mahyoub

ان حالات میں راحیل شریف کی طرف سے انتالیس ملکی فوجی اتحاد کی قیادت سنبھالنے کو پاکستانی شیعہ آبادی اس طرح بھی دیکھ سکتی ہے کہ پاکستان جیسے عسکری طور پر بھی سعودی عرب کے بہت قریب ہوتے ہوئے ریاض حکومت کے مزید دائرہ اثر میں آ گیا ہے، بالخصوص اس تناظر میں کہ اکثریتی طور پر وہابی اسلام کا پیروکار سعودی عرب اور اکثریتی شیعہ مسلم ریاست ایران علاقائی طور پر دو بڑے حریف ممالک ہیں اور یمنی تنازعہ ایک داخلی جھگڑا ہونے کے باوجود بظاہر کافی حد تک شیعہ سنی مسئلہ بھی بن چکا ہے۔

اس کا سبب  یہ ہے کہ سعودی عرب یمنی صدر منصور ہادی اور ان کی قیادت میں کام کرنے والی ملکی فوج کا حامی ہے جبکہ یمن کے حوثی شیعہ باغیوں کو ایران کی حمایت حاصل ہے۔

اس بارے میں پاکستانی فوج کے ایک ریٹائرڈ جنرل اور معروف دفاعی تجزیہ نگار طلعت مسعود نے ڈی پی اے کو بتایا، ’’اس بین الاقوامی عسکری اتحاد کی قیادت راحیل شریف کو سونپنے کے فیصلے کے پاکستان میں نظر آنے والے ممکنہ اثرات سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ اس لیے کہ یہ اتحاد متنازعہ ہے۔ اس وجہ سے کہ ریاض اور تہران کے مابین واضح اور شدید کھچاؤ پایا جاتا ہے اور ایران اس عسکری اتحاد کا حصہ نہیں ہے۔‘‘

طلعت مسعود نے مزید کہا، ’’راحیل شریف کی پاکستانی فوج کے سربراہ کے طور پر کارکردگی کے باعث ان ذمے داریوں کے لیے ان کا انتخاب ایک طرف تو پاکستان کے لیے باعث فخر ہے، لیکن دوسری طرف اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ ایک پاکستانی جنرل کو ایک ایسے عسکری اتحاد کی قیادت سونپنے کی بات کی جا رہی ہے، جو بہت متنازعہ ہے اور جس کے ایران بہت خلاف ہے۔‘‘

Saudi-Arabien F-15 Kampfflugzeuge
سعودی عرب اور اس کے اتحادی ملکوں کے جنگی طیاروں کی طرف سے اب تک یمن میں بے شمار فضائی حملے کیے جا چکے ہیںتصویر: Getty Images/AFP/F. Nureldine

پاکستان شروع میں تو اس سعودی عسکری اتحاد میں شمولیت سے گریزاں تھا لیکن پھر بعد میں وزیر اعظم نواز شریف کی حکومت نے اس فوجی اتحاد میں پاکستان کی شمولیت کی تصدیق تو کر دی تھی تاہم ساتھ ہی یہ بھی کہہ دیا تھا کہ اسلام آباد حکومت اس اتحاد کا حصہ ہوتے ہوئے کوئی  ملکی فوجی دستے بیرون ملک نہیں بھیجے گی۔

طلعت مسعود کے مطابق، ’’کیا یہ ایک دانش مندانہ فیصلہ ہے کہ اس عسکری اتحاد کی فوجی قیادت ایک پاکستانی جنرل کرے گا، اس سوال کا جواب خود ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔‘‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں