سمندری طوفان اِرما نے پھر قوت پکڑ لی، فلوریڈا نشانے پر
9 ستمبر 2017کیٹگری پانچ کے طاقتور طوفان اِرما نے اپنا راستہ تبدیل کیا ہے اور اب اُس کے امریکی ریاست فلوریڈا کی جنوب مغربی ساحلی پٹی سے ٹکرانے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ اس طرح طوفان کی زد میں میامی کا شہری علاقہ بھی آ سکتا ہے۔ امریکی ریاست فلوریڈا سے لاکھوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایسے افراد کی تعداد پانچ لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد بتائی گئی ہے۔
’اِرما، امریکی تاریخ کا مہنگا ترین طوفان ثابت ہو سکتا ہے‘
سمندری طوفان ارما، کیریبیئن کے علاقے میں تباہی مچاتا ہوا
ہیوسٹن کو سیلاب نے لاچار کر دیا
ارما طوفان کی قوت میں جمعرات آٹھ ستمبر کی شام میں قدرے کمی واقع ہوئی تھی۔ طوفان پر نگاہ رکھنے والی امریکی ادارے نے اس طوفان کو کیٹگری پانچ سے چار میں کر دیا تھا۔ کیٹگری چار بھی طاقتور طوفانوں میں شمار ہوتی ہے۔ لیکن حیران کن انداز میں ارما نے جمعہ نو ستمبر کی شام میں مزید شدت اختیار کر لی ہے۔ طوفان کیٹگری چار سے پھر انتہائی خطرناک ترین طوفانوں کی کیٹگری پانچ میں داخل ہو گیا ہے۔
اس کے ساتھ چلنے والی ہواؤں کی رفتار260 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد ہے اور اسی شدت کے ساتھ اس نے کیوبا کی شمالی ساحل کو جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب میں اپنی لپیٹ میں لیا تھا۔ کیوبا کی شمالی ساحلی پٹی پر ہونے والے نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
گزشتہ ایک صدی میں اِرما کو بحر اوقیانوس سے اٹھنے والے انتہائی شدید اور طاقتور طوفانوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ فلوریڈا سے ٹکرانے پر اس ریاست کی ساحلی پٹی پر شدید بارشوں اور تیز رفتار جھکڑوں سے وسیع پیمانے پر نقصان ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔
اتوار دس ستمبر کی علی الصبح یہ طوفان فلوریڈا کے ساحلی علاقوں سانکٹی سِپریٹیس اور وِلا کلارا سے ٹکرائے گا۔ ان علاقوں میں سے عام لوگوں کو جبری طور پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ امریکی صدر نے بھی فلوریڈا کی عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ اِس شدید طوفان سے خبردار رہتے ہوئے اپنے جان و مال کی حفاظت کریں۔
بحیرہ کریبیین میں واقع کئی جزائر جو اِرما کے راستے میں آئے، وہاں بے پناہ تباہی و بربادی دیکھی گئی ہے۔ اس طوفان کی لپیٹ میں آ کر کریبیین سمندری جزائر میں اب تک 21 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ طاقتور طوفان کے ساتھ تین میٹر تک اٹھتی ہوئی زورآور سمندری لہریں بھی ہیں۔ مجموعی نقصان کا تخمینہ ابھی تک نہیں لگایا جا سکا ہے۔ ہلاکتوں میں بھی اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔