1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہافریقہ

سوڈان: اقوام متحدہ اپنا سیاسی مشن فوراً ختم کرے

17 نومبر 2023

سوڈان حکومت نے اقوام متحدہ سے کہا ہے کہ وہ ملک میں اپنے سیاسی مشن کو"فوری طورپر ختم" کرے۔ سوڈان کے وزیر خارجہ نے عالمی ادارے کے سربراہ کے نام خط میں کہا ہے کہ مشن کی مقاصد کے حصول کے حوالے سے کارکردگی "مایوس کن" رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/4Z0mq
اقوام متحدہ کا سوڈان میں یو این آئی ٹی اے ایم ایس سیاسی مشن سن 2020 میں شروع ہوا تھا
اقوام متحدہ کا سوڈان میں یو این آئی ٹی اے ایم ایس سیاسی مشن سن 2020 میں شروع ہوا تھاتصویر: Albert Gonzales Farran/AFP/Getty Images

سوڈان کے قائم مقام وزیر خارجہ علی صادق نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریش کو جمعرات کے روز لکھے گئے ایک خط میں کہا ہے کہ ان کے ملک میں اپنے مقاصد کے حصول کے سلسلے میں اقو ام متحدہ کے سیاسی مشن یو این آئی ٹی اے ایم ایس(UNITAMS) کی کارکردگی"مایوس کن"رہی ہے۔

علی صادق کے اس خط، کو جسے خبر رساں ایجنسی روئٹرز اور ڈی پی اے نے دیکھا ہے، میں لکھا ہے کہ، "حکومت سوڈان کی درخواست ہے کہ اقوام متحدہ UNITAMS مشن کو فوراً ختم کردے۔ اس کے ساتھ ہی ہم آپ کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ سوڈان کی حکومت سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کی سکریٹریٹ کے ساتھ تعمیری طورپر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔"

اقوام متحدہ کا سوڈان میں یو این آئی ٹی اے ایم ایس سیاسی مشن سن 2020 میں شروع ہوا تھا اور اس میں 400 سے زائد سویلین کام کررہے ہیں۔

بھوک اور افلاس سوڈانی بچوں کو کھاتے جا رہے ہیں

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریش کے نام لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے،"مشن کے قیام کا مقصد دسمبر 2018 کے انقلاب کے بعد سوڈان کی عبوری حکومت کی مدد کرنا تھا۔ لیکن اپنے مقاصد کو نافذ کرنے کے حوالے سے مشن کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔"

امریکہ اور سعودی عرب کا سوڈان میں نئی جنگ بندی پر زور

گوٹیریش کے ترجمان اسٹیفن جارک نے خط موصول ہونے کی تصدیق کی ہے اور کہا کہ اسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھیج دیا گیا ہے۔

ملک پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے عبدالفتح البرہان کی وفادار فوج اور ان کے سابق نائب محمد حمدان دقلو کی سربراہی والی ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان لڑائی چل رہی ہے
ملک پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے عبدالفتح البرہان کی وفادار فوج اور ان کے سابق نائب محمد حمدان دقلو کی سربراہی والی ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان لڑائی چل رہی ہےتصویر: Ashraf Shazly/AFP

سوڈان کے اقوام متحدہ کے ساتھ کشیدہ تعلقات

پندرہ اپریل کو ملک میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے ہی سوڈانی حکومت اور اقوام متحدہ کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں۔

سوڈان کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی وولکر پرتھیس نے، سوڈانی حکومت کی جانب سے ناپسندیدہ شخص قرار دیے جانے کے تقریباً تین ماہ بعد اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔ سوڈان کے عملاً صدر عبدالفتح البرہان نے ان پر سوڈان میں تنازع کو ہوا دینے کا الزام عائد کیا تھا۔

جنوبی سوڈان میں جنسی تشدد انتہا پر ہے، اقوام متحدہ

ملک پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے عبدالفتح البرہان کی وفادار فوج اور ان کے سابق نائب محمد حمدان دقلو کی سربراہی والی نیم فوجی دستے ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان لڑائی چل رہی ہے۔

سوڈانی فوج اور نیم فوجی دستوں میں لڑائی کیوں؟

ج ا/ ص ز (ڈی پی اے، روئٹرز)