سوڈان سے پاکستانیوں اور بھارتیوں کا محفوظ انخلاء جاری
26 اپریل 2023پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بتایا کہ منگل کو مزید 200 سے زائد پاکستانیوں کو سوڈان سے محفوظ طورپر نکال لیا گیا، جس کے ساتھ ہی وہاں سے نکال لیے گئے شہریوں کی تعداد 700 ہو گئی ہے۔
وزیر خارجہ نے ایک بیان میں کہا، "بیرون ملک پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے حکومت پاکستان کے وعدوں کی پاسداری کرتے ہوئے وزارت خارجہ نے سوڈان میں پاکستانیوں کے لیے راحت اور بچاو کا کام جاری رکھا ہوا ہے۔ 211 پاکستانیوں پر مشتمل ایک اور قافلہ خرطوم سے پورٹ سوڈان پہنچ گیا ہے۔"
انہوں نے مزید بتایا،"اس نئے قافلے کے ساتھ ہی محفوظ طور پر سوڈان سے نکا ل لیے جانے والے پاکستانیوں کی مجموعی تعداد 700پہنچ گئی ہے۔"
پاکستانی وزیر خارجہ نے مزید بتایا کہ اس کام میں حکومت خطے کے دوست ممالک بالخصوص سعودی عرب کی مدد حاصل کر رہی ہے۔
سوڈان میں 72 گھنٹے کی جنگ بندی، مصری سفارت کار ہلاک
پاکستانی وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ خرطوم سے نکال لیے گئے گئے پاکستانیوں کو پورٹ سوڈان سے جدہ اور پھر وہاں سے پاکستانی فضائیہ اور پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی خصوصی پروازوں کے ذریعہ وطن لایا جائے گا۔
پاکستانی وزارت خارجہ نے مزید بتایا کہ جن لوگوں کو خرطوم سے نکال لیا گیا ہے، حکومت ان کے لیے رہائش اور کھانے پینے کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خرطوم میں پاکستانی سفارت خانے میں ایک خصوصی ہیلپ لائن بھی قائم کیا گیا ہے اور وہاں سفارتی عملہ پھنسے ہوئے پاکستانیوں سے مسلسل رابطے میں ہے۔
پانچ سو سے زائد بھارتیوں کا انخلاء
بھارت نے بھی سوڈان میں پھنسے ہوئے اپنے شہریوں کو محفوظ طور پر وطن واپس لانے کے اقدامات شروع کردیے ہیں۔
بھارت سوڈان میں جاری 72 گھنٹے کی جنگ بندی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اب تک اپنے 534 شہریوں کو جنگ زدہ علاقے سے نکال چکا ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ذرائع نے بتایا کہ 278 بھارتی شہریوں پر مشتمل ایک قافلہ بحری جہاز آئی این ایس سومیدھا کے ذریعہ پورٹ سوڈان سے جدہ کے لیے روانہ ہو چکا ہے۔
سوڈان میں جنگ کا اثر بھارت کی سیاست پر
بھارت اپنے شہریوں کو نکالنے کے لیے فوجی طیارے اور جنگی جہازوں کا استعمال کر رہا ہے۔ نئی دہلی نے جدہ سے اپنے شہریوں کو وطن واپس لانے کے لیے بھارتی فضائیہ کا ایک ٹرانسپورٹ طیارہ جدہ میں تیار رکھا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ میں نائب وزیر وی مرلی دھرن اس پوری مہم کی نگرانی کے لیے جدہ پہنچ چکے ہیں۔
انہوں نے ایک ٹوئٹ کرکے بتایا،"جدہ پہنچ چکے لوگوں کے بھارت کے لیے آگے کا سفر جلد ہی شروع ہو گا۔"
حالانکہ"آپریشن کاویری"کے تحت بھارت سوڈان سے اپنے شہریوں کو لانے میں مصروف ہے تاہم اب بھی بڑی تعداد میں لوگ وہاں پھنسے ہوئے ہیں۔ امریکہ، یورپی، مشرق وسطی، افریقی اور ایشائی ممالک نے اپنے شہریوں کی محفوظ واپسی کے لیے ہنگامی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔
جرمن سفارتی عملے کو سوڈان سے باہر نکالنے کی کارروائی شروع
خیال رہے کہ سوڈان میں فوج اور نیم فوجی دستے کے رہنماوں کے مابین برتری کی جنگ میں اب تک ساڑھے چارسو سے زائد افراد ہلاک اور چار ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
ج ا/ص ز (نیوز ایجنسیاں)