1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سیلاب زدگان کیلئےابلاغی مہم ،سیاسی جماعتوں کی ذاتی تشہیر

23 ستمبر 2010

پاکستان میں یہ تاثر تقویت پکڑتا جا رہا ہے کہ حکمران جماعتیں سیلاب زدگان کیلئے چلائی جانے والی ابلاغی مہم کو اپنی اور اپنے رہنماوں کی ذاتی تشہیر کیلئے استعمال کر رہی ہیں۔

https://p.dw.com/p/PKTO
تصویر: AP

پاکستان کے ذرائع ابلاغ میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے آج کل سیلاب زدگان کے حوالے سے ایسے اشہتارات دیکھنے کو مل رہے ہیں، جن میں حکومتی جماعتوں کے رہنماوں کو نمایاں طور پر پیش کیا جاتا ہے۔ تمام بڑی سیاسی جماعتوں نے سیلاب زدگان کیلئے اپنی امدادی سرگرمیوں کی میڈیا کوریج کیلئے بھی خصوصی انتظامات کر رکھے ہیں۔

Pakistan UN Millennium Ziele Slum in Lahore Wasser NO-FLASH
حکومتیں ان سیلاب زدگان کیلئے اشتہارات دے رہی ہیں، جو نہ اخبار پڑھ سکتے ہیں اور نہ ہی ٹی وی دیکھنے کیلئے ان کے ہاں بجلی موجود ہےتصویر: AP

ضلع مظفر گڑھ کے عارف نامی ایک شخص نے بتایا کہ اعلیٰ حکومتی شخصیات خود متاثرہ علاقوں میں آ کر سیلاب زدگان کو امدادی اشیا دینے کی متمنی ہوتی ہیں۔ ایسی تقریبات کی میڈیا کوریج کو یقینی بنانے کیلئے کئی دفعہ متاثرین کو کئی کئی گھنٹے انتظار بھی کرایا جاتا ہے۔

چند ہفتے پہلے میانوالی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ہمراہ وزیراعظم کو ایک جعلی میڈیکل کیمپ کا دورہ کروا کر بھی یہ پیغام دیا گیا کہ حکومت سیلاب زدگان کی حقیقی مدد میں نہیں بلکہ میڈیا کوریج میں زیادہ دلچسپی رکھتی ہے۔

ادھر نیو یارک اسٹاک ایکسچینج میں بھی پاکستانی حکام کو سیلاب زدگان کیلئے امداد اکٹھی کرنے کی خاطر ایک بڑی سکرین پر اپنا پیغام پیش کرنے کی دعوت دی گئی تو وہاں بھی پاکستانی سفارتکاروں نے سیلاب کے حوالے سے کوئی اچھی ڈاکومینٹری دکھانے کی بجائے اپنی تصویریں چلوا کر بھاری فنڈ اکٹھا کرنے کا یہ موقعہ گنوا دیا۔

چند روز پہلے لاہور کے مال روڈ پر مسلم لیگ (ن) کے ایک امدادی کیمپ سے سیلاب زدگان کو سینکڑوں بالٹیاں بھجوائی گئیں اور ہر بالٹی پرحمزہ شہباز شریف کی نمایاں تصویر والا مسلم لیگ (ن) کا اسٹیکر لگانا ضروری سمجھا گیا۔

تمام بڑے شہروں میں لگائے جانے والے ہورڈنگز، پوسٹروں اور بینروں پر بھی سیلاب زدگان کیلئے کی جانے والی اپیلیں غیر نمایاں اور سیاسی شخصیات کی تصویریں زیادہ نمایاں دکھائی دے رہی ہیں۔

Islamistische Hilfsorganisationen in Pakistan
الیکشن میں عوامی حمایت حاصل کرنے کیلئے یہ سیاسی جماعتیں متاثرین سیلاب کی مدد کی آڑ میں عوامی خرچے پر اپنی انتخابی مہم چلا رہی ہیں، ادیان صادقتصویر: DW

ایک ابلاغی ماہر ادیان صادق نے بتایا کہ اگلے الیکشن میں عوامی حمایت حاصل کرنے کیلئے یہ سیاسی جماعتیں متاثرین سیلاب کی مدد کی آڑ میں عوامی خرچے پر اپنی انتخابی مہم چلا رہی ہیں۔ پاکستان ایڈورٹائزنگ ایسوسی ایشن کے سابق صدر منصور زیدی کے مطابق یہ حکومتیں ان سیلاب زدگان کیلئے اشتہارات دے رہی ہیں، جو نہ اخبار پڑھ سکتے ہیں اور نہ ہی ٹی وی دیکھنے کیلئے ان کے ہاں بجلی موجود ہے۔

سیلاب زدگان کیلئے جاری کئے گئے ان اشتہارات پر قوم کا کتنا سرمایہ خرچ ہوا ہے؟ اس سوال کا جواب وفاقی اور صوبائی حکومت کے تعلقات عامہ کے اہلکاروں کے پاس بھی نہیں ہے۔ ہم نے پنجاب حکومت کے ترجمان پرویز رشید سے ان کا موقف جاننا چاہا تو ان کے موبائل فون سے ہر بار یہی پیغام سنائی دیا۔ ’’آپ کے مطلوبہ نمبر سے فی الحال جواب موصول نہیں ہو رہا‘‘

رپورٹ: تنویر شہزاد

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید