سیلابوں سے دوکروڑ افراد متاثر ہوئے،گیلانی
14 اگست 2010اسلام آباد میں ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ میاں نواز شریف کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے ایک ایسا ادارہ قائم کیا جائیگا جو متاثرین کیلئے امدادی رقم اکٹھی کرنے کے بعد اس کے شفاف طریقے سے استعمال کو یقینی بنائے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ’’پہلے اپنی جانب سے پھر صوبائی اور وفاقی حکومتوں کی طرف سے پیسے دیں گے تولوگوں میں ساکھ بنے گی اور جب ہم سب مل کر عوام کے پاس جائیں گے تو زیادہ عوامی حمایت حاصل ہوگی‘‘۔
اس موقع پر مسلم لیگ نواز کے قائد میاں نواز شریف نے کہا کہ ملک کو اس وقت جس نازک صورتحال کا سامنا ہے اس کا مقابلہ پوری قوم کو مل کر کرنا ہوگا۔ نواز شریف نے کہا کہ ہمیں بیرونی ممالک سے امداد حاصل کرنے کے بجائے اپنے زور بازو پر یقین کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایسے موقع پر سیاست چمکانے کو حرام سمجھتے ہیں۔
فنڈز اکٹھے کرنے کیلئے بھرپور مہم شروع کی جائے اور اس کے لئے پوری قوم کے پاس جائیں گے کہ ہمیں اتنے فنڈ کی ضرورت ہے اور باہر دیکھنے کے بجائے ہمیں یہ رقم اپنے ملک سے اکٹھی کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ’’ہم اللہ کے فضل و کرم سے اتنی طاقت رکھتے ہیں کہ اپنے پائوں پر کھڑے ہو سکیں‘‘۔
پاکستان میں آج ہفتے کے روز سیلاب سے متاثرہ افراد سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں 64 واں یوم آزادی نہایت سادگی سے منایا جا رہا ہے ۔
قبل ازدوپہر وزیر اعظم گیلانی نے ٹیلی ویژن پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ سیلابوں سے 2 کروڑ افراد متاثر ہوئے اور 1384 ہلاکتوں کے علاوہ 1600 افراد زخمی اور 7 لاکھ گھر تباہ ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متاثرین سیلاب کی امداد کے لئے نہ صرف جشن آزادی کی بلکہ عید کی سرکاری تقریبات بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ وزیر اعظم کے بقول یہ تمام رقم سیلاب زدگان کی مدد کے لئے خرچ کی جائے گی۔
ا دھر صدر آصف علی زرداری نے یوم آزادی کے موقع پر نوشہرہ میں متاثرین سیلاب کے ایک کیمپ کا دورہ کیا اور سیلاب زدگان سے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت تمام ترقیاتی کام روک کرانکے لیے مختص رقوم متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کے کاموں پر خرچ کرے گی۔
رپورٹ :شکور رحیم، اسلام آباد
ادارت :عصمت جبیں