1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شمالی وزیرستان میں تین ڈرون حملے، 13 ہلاک

3 نومبر 2010

وفاق کے زیر انتظام پاکستانی قبائلی علاقے میں تین ڈرون حملوں کے نتیجے میں کم ازکم تیرہ مبینہ انتہا پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Pxjq
پاکستانی قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں میں اضافہ نوٹ کیا جا رہا ہےتصویر: dpa

پاکستانی سکیورٹی حکام کے مطابق یہ حملے بدھ کو شمالی وزیرستان کے مختلف مقامات پر کئے گئے جبکہ ان حملوں کے باعث تین غیرملکی جنگجو بھی ہلاک ہوئے۔

شمالی وزیرستان کی مقامی انتظامیہ کے مطابق بدھ کے دن بغیر پائلٹ کے طیارے نے پہلا حملہ میران شاہ کے نواح میں قطب خیل کےعلاقے میں کیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس حملے میں مبینہ امریکی ڈرون طیارے نے ایک مشتبہ گاڑی پر دو میزائل داغے، جس کے نتیجے میں دو ازبک جنگجو ہلاک ہوئے۔

ایک مقامی سکیورٹی اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ حملے کا نشانہ بننے والی گاڑی میں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی موجود تھا،’ گاڑی کو آگ لگ گئی اوراس کے قریب کوئی بھی نہ جا سکا، جبکہ جائے وقوعہ کے قریب واقع ایک گھر بھی بری طرح متاثر ہوا۔‘

دوسرا ڈرون حملہ میرعلی سے 25 کلو میٹر دور واقع کھوسہ خیل نامی علاقے میں کیا گیا، جس میں ایک مشتبہ گھر اورایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ پاکستانی سکیورٹی حکام نے تصدیق کی ہے کہ اس ڈرون حملے میں چار مشتبہ جنگجو ہلاک ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق اس حملے میں بھی کم ازکم دو میزائل فائر کئے گئے۔

US Drone Predator Flash-Galerie
بغیر پائلٹ کے اڑنے والا ڈرون طیارہتصویر: AP

بدھ کے دن ہی کئے گئے تیسرے ڈرون حملے میں دتہ خیل کے علاقے پایو خیل کو نشانہ بنایا گیا، جس میں کم ازکم چار جنگجو ہلاک ہوئے۔ مقامی انتظامیہ نے اس حملے کی بھی تصدیق کر دی ہے۔ فرانسیسی خبررساں ادارے AFP سے گفتگو کرتے ہوئے مقامی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا ہے کہ ستمبر کے اوائل میں بھی اسی علاقے میں ایک دن میں تین ڈرون حملے کئے گئے تھے، جس کے نتیجے میں پندرہ جنگجو ہلاک ہو گئے تھے۔

گزشتہ ماہ یورپی شہروں میں ممبئی طرز کے ممکنہ حملوں کی خبروں کے بعد پاکستانی قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں مبینہ امریکی ڈرون حملوں میں ایک دم اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔ امریکی صدر باراک اوباما کی انتظامیہ کے مطابق افغانستان سے ملحقہ پاکستان کے قبائلی علاقے دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے لئے محفوظ ٹھکانے ہیں اور یہ جگہیں دنیا بھر میں سب سے زیادہ ’خطرناک‘ ہیں۔

پاکستان کے قبائلی علاقوں میں تین ستمبر سے اب تک مجموعی طور پر کئے گئے چالیس ڈرون حملوں کے نتیجے میں کم ازکم دو سو افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں