شمالی کوریائی وفد کی جنوبی کوریا آمد
21 جنوری 2018جنوبی کوریا کے حکام کے مطابق اکیس جنوری کو پہنچنے والے شمالی کوریائی وفد کا بنیادی مقصد فروری میں دورہ کرنے والے شمالی کوریائی ثقافتی طائفے کی پرفارمنس کے مقامات کا جائزہ لینا ہے۔ یہ خصوصی ثقافتی طائفہ رواں برس فروری میں منعقد کیے جانے والے سرمائی اولمپکس کے دوران اپنے فن کا مظاہرہ کرے گا۔
شمالی کوریا پر پابندیوں کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس
شمالی کوریا کے رہنما سے بات چیت کے لیے ’بالکل تیار‘ ہوں، ٹرمپ
یہ دھمکی نہیں حقیقت ہے، کم جونگ اُن
جنوبی کوریا ’کمفرٹ ویمن‘ معاہدے میں تبدیلی سے باز رہے، جاپان
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے بیس جنوری کو سرمائی اولمپکس میں دونوں کوریائی ممالک کے ایتھلیٹس اور حکام کی ایک جھنڈے تلے شرکت کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی تھی۔ بین الاقوامی اولمپک کمیٹی نے شمالی کوریا کے بائیس ایتھلیٹس کی تین مقابلوں میں ممکنہ شرکت کی تصدیق کی ہے۔
اکیس جنوری کو جنوبی کوریا پہنچنے والے خصوصی وفد کی سربراہ شمالی کوریا کے مغربی طرز کے ایک میوزک بینڈ کی سربراہ ہیون سونگ وول (Hyon Song Wol) ہیں۔ وہ شمالی کوریائی خواتین پر مشتمل ’موران بونگ‘ بینڈ کی لیڈر ہیں۔ جنوبی کوریائی میڈیا کے مطابق شمالی کوریائی لیڈر کم جونگ اُن نے ذاتی طور پر وول کو وفد کی سربراہی کے لیے منتخب کیا۔
ہیون سونگ وول نے جنوبی کوریا میں داخل ہونے کے بعد انتہائی محتاط انداز اپنائے رکھا۔ انہوں نے میڈیا کے کسی نمائندے سے کوئی بات نہ کی۔ اُن کی آمد کو جنوبی کوریائی ٹیلی وژن نے لائیو دکھایا۔ ہر جگہ بے شمار فوٹوگرافر اور رپورٹر اُن سے بات کرنے کے لیے موجود تھے۔
سرحد عبور کرنے کے بعد جنوبی کوریائی حکام کے ساتھ ہیون سونگ وول نے مصافحہ بھی کیا۔ اُن کے چہرے سے کسی قسم کا کوئی تاثر ظاہر نہیں ہو رہا تھا۔ اطلاعات کے مطابق سیئول حکومت نے بھی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو شمالی کوریائی وفد کی سربراہ سے دور رکھا۔
وہ جنوبی کوریائی دارالحکومت سیئول پہنچنے کے بعد فوری طور پر بذریعہ ریل گاڑی گانگ نے اُنگ شہر کے لیے روانہ ہو گئیں۔ جنوبی کوریا نے اپنے مشرقی شہر گانگ ننگ (Gangneung) میں بھی شمالی کوریائی طائفے کی پرفارمنس تجویز کر رکھی ہے۔
یہ ثقافتی طائفہ سرمائی اولمپکس میں اپنے ملک کے بائیس ایتھلیٹس کی ٹیم کے ساتھ جنوبی کوریا پہنچے گا۔ اس ثقافتی طائفے میں 140 فنکار شامل ہوں گے۔ اس طائفے کا تعلق سامجیون آرٹ گروپ سے ہے۔ جنوبی کوریا میں سامجیون آرٹ گروپ کا یہ طائفہ دو مقامات پر اپنے فن کا مظاہرہ کرے گا، ایک دارالحکومت سیئول میں اور دوسرا گانگ ننگ میں۔