1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شہباز شریف نے حلف اٹھا لیا، کیا مشکلات ٹلنے کو ہیں؟

4 مارچ 2024

شہباز شریف نے وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ 72 سالہ شہباز شریف پاکستان کے 24 ویں وزیر اعظم ہیں۔ پاکستان میں آج تک کسی بھی منتخب وزیر اعظم نے اپنے اقتدار کی مدت پوری نہیں کی۔

https://p.dw.com/p/4d8fA
Prime Minister Shahbaz Sharif
تصویر: National Assembly of Pakistan/AP/picture alliance

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شہباز شریف نے پیر چار مارچ کے دن دارالحکومت اسلام آباد میں واقع صدراتی دفتر میں نئے ملکی وزیر اعظم کے طور پر حلف اٹھایا۔ صدر عارف علوی نے ان سے عہد لیا کہ وہ ملک کے تحفظ اور دفاع کے لیے اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔

کل اتوار کے دن پارلیمان نے شہباز شریف کو اس عہدے کے لیے منتخب کیا تھا۔ پارلیمان میں ہوئی ووٹنگ میں انہیں 201 ممبران اسمبلی کی حمایت حاصل ہوئی تھی جبکہ بانوے ممبران نے ان کی نامزدگی کو مسترد کر دیا تھا۔

پاکستان میں فروری کے اوائل میں ہونے والے پارلیمانی الیکشن کے تقریباﹰ چار ہفتے بعد نئی حکومت قائم ہوئی ہے۔ اس الیکشن میں کسی بھی پارٹی کو قطعی اکثریت حاصل نہ ہونے کے بعد ایک سیاسی بحران کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا۔

شہباز شریف کی حکومت، یا پی ڈی ایم ٹو؟

نظام میں انقلانی تبدیلیاں لائیں گے، شہباز شریف

تاہم پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی نے اتحاد بناتے ہوئے اس سیاسی بے یقینی کو ختم کر دیا۔ آٹھ فروری کو ہوئے الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے حامی سب سے بڑا سیاسی گروہ بن کر ابھرے تھے۔ سیاسی ناقدین کے مطابق ووٹروں نے عمران خان کو عوامی مینڈیٹ دیا تاہم مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی نے اتحاد بنا کر اس سیاسی طاقت کو اپوزیشن بنچوں تک محدود کر دیا۔

ان انتخابات کے دوران موبائل سروسز کی بندش اور پری پول دھاندلی اور انتخابی بے ضابطگیوں  کے الزامات بھی عائد کیے گئے تھے۔ الیکشن کے نتائج میں تاخیر نے بھی اس انتخابی عمل کو متنازعہ بنا دیا تھا۔ جیل میں قید سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہہ چکے ہیں کہ عالمی برادری کو پاکستان کی اس صورت حال کا نوٹس لینا چاہیے۔

دوسری طرف ماہرین اقتصادیات، سرمایہ کار اور غیر ملکی مبصرین پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی کابینہ میں سب سے اہم وزارت مالیات کی ہو گی۔

جیسے ہی کابینہ کو حتمی شکل دی جائے گی، تو نئے وزیر خزانہ فوری طور پر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے مذاکرات کا عمل شروع کر دیں گے تاکہ اس ادارے کے ساتھ کئی بلین ڈالر کی فنڈنگ کا معاہدہ طے پا جائے۔ پاکستان کا اس عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ موجودہ معاہدہ اپریل میں ختم ہو رہا ہے۔

عالمی رہنماؤں کی وزیر اعظم شہباز شریف کو مبارک باد

ن لیگ اور پی پی پی میں اتحاد، شہباز وزیراعظم اور زرداری صدر

چار مرتبہ وزیر خزانہ کے عہدے پر فائز رہنے والے اسحاق ڈار اس مرتبہ بھی اس کلیدی وزارت کے لیے فیورٹ قرار دیے جا رہے ہیں۔ تاہم اطلاعات ہیں کہ کچھ اور امیدواروں کے نام بھی زیر غور ہیں۔

دوسری مرتبہ وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے والے شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ ٹکراؤ کی سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملکی ترقی کو یقینی بنائیں گے۔ ملکی پارلیمان میں ایک تحریک عدم اعتماد کے ذریعے عمران خان کے اقتدار سے الگ ہونے کے بعد شہباز شریف پہلی مرتبہ وزیر اعظم بنے تھے۔ تب ان کا دور اقتدار صرف سولہ ماہ رہا تھا۔

ع ب/ م م (روئٹرز، اے ایف پی، اے پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں