1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں مخلوط حکومت بنانے کی جان توڑ کوشش

19 فروری 2024

پاکستان کی دوبڑی سیاسی جماعتیں آپس کے اختلافات دور کرکے ایک اقلیتی مخلوط حکومت کی تشکیل کی راہ ہموار کرنے کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں۔ اس سلسلے میں دو طرفہ مذاکرات جاری ہیں۔

https://p.dw.com/p/4cZN7
Pakistan, Lahore | Pressekonferenz von Shehbaz Sharif
تصویر: K.M. Chaudary/AP/picture alliance

پاکستان  میں 8 فروری کے غیر نتیجہ خیز عام انتخابات کے بعد سے ملک میں بدترین سیاسی انتشار پھیل چکا ہے۔ اس بار کے الیکشن میں کوئی بھی سیاسی جماعت اکثریت حاصل نہ کر سکی۔ ساتھ ہی قبل از الیکشن اور ووٹنگ ختم ہونے کے بعد مبینہ دھاندلیوں اور مقتدر حلقوں کی طرف سے نتائج پر اثر انداز ہونے کی کوششوں نے ملک کو ایک نئے بحران سے دوچار کر دیا ہے۔ پاکستان اس وقت سیاسی انتشار کے ساتھ ساتھ سنگین معاشی عدم استحکام کا شکار ہے۔

پیر انیس فروری کو دو بڑی جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان  مسلم لیگ ن کے مابین مذاکرات ہو رہے ہیں۔ اس بات چیت کا مقصد اختلافات کو ختم کرکے نئی حکومت کی تشکیل کو ممکن بنانا ہے۔

نواز شریف کی واپسی، پاکستان کے لیے خوشحالی کا ایک نیا دور؟

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ 241 ملین کی آبادی پر مشتمل اس جوہری طاقت کو گوناگوں مسائل کا سامنا ہے۔ خاص طور سے یہ ملک سست شرح نمو کے سبب شدید معاشی بحران سے دوچار ہے۔ مزید برآں بڑھتی ہوئی عسکریت پسندی اور تشدد کے ساتھ نئی حکومت کو ریکارڈ افراط زر جیسے چیلنجز کا سامنا کرنا ہو گا۔ اس سب کے لیے پاکستان کو ایک مستحکم حکومت کی ضرورت ہے جو سخت فیصلے کرنے کا اختیار رکھتی ہو۔

Pakistan,Islamabad | Pressekonferenz von Bilawal-Bhutto Zardari
بلاول بھٹو زرداری نے مذاکرات میں مسلم لیگ ن کی مشروط حمایت کی بات کی ہےتصویر: Anjum Naveed/AP/picture alliance

بات چیت کا پانچواں دور

پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے سابق وزیر اعظم شہباز شریف کی دوبارہ بطور وزیر اعظم نامزدگی کے اعلان کے بعد پیر کو پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ  ن کے مابین ہونے والے مذاکرات کا یہ پانچواں دور ہے۔ اس بات چیت کی قیادت کرنے والے پی ایم ایل ن کے سینیٹر اور سینیئر رکن اسحاق ڈار کے بقول، ''دونوں فریقین ابھی تک حتمی نکات پر متفق نہیں ہوئے ہیں۔‘‘ اسحاق ڈار نے یہ بات اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام پوسٹ کرتے ہوئے کہی۔ ان کا مزید کہنا تھا، ''شراکت اقتدار کے لیے مختلف تجاویز پر مذاکرات جاری ہیں۔‘‘

بحرانوں کا شکار پاکستان: ذمہ دار کون، فوج یا سیاست دان؟

پاکستان پیپلز پارٹی کا موقف

پی پی پی کے لیڈر اور سابق وزیر خارجہ بلاول  بھٹو زرداری نے مذاکرات میں مسلم لیگ ن کی مشروط حمایت کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو ووٹ دیں گے تاہم وہ کابینہ میں کوئی عہدہ نہیں لیں گے۔ اسحاق ڈار نے ملکی نشریاتی ادارے جیو ٹی وی کو بیان دیتے ہوئے کہا، ''میں اس بات کی تصدیق کرسکتا ہوں کہ اصولی طور پر یہ فیصلہ کر لیا گیا ہے کہ سیاسی جماعتیں مخلوط حکومت بنائیں گی۔‘‘

Symbolbild Pakistan Abwanderung von Fachkräften
پاکستان کا سیاسی بحران اسٹاک مارکیٹ پر براہ راست اثر انداز ہو رہا ہےتصویر: Sabir Mazhar/AA/picture alliance

72 سالہ شہباز شریف شریف، جو گزشتہ برس اگست تک اس جنوبی ایشیائی ملک کے وزیراعظم تھے، کو ان کے بڑے بھائی نواز شریف نے اگلے وزیر اعظم کے امیدوار کے طور پر نامزد کیا ہے۔ نواز شریف مسلم لیگ ن کے سربراہ ہیں۔  

     

آزاد ممبران اسمبلی کیا حکمت عملی بنائیں گے؟

آئی ایم ایف کے مالیاتی فنڈ کا کیا ہوگا؟

پاکستان  گزشتہ موسم گرما میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے ملنے والے 3 بلین ڈالر کے بیل آؤٹ کے ساتھ ڈیفالٹ سے بال بال بچا تھا۔ لیکن قرض دہندہ کی اس امداد کا سلسلہ مارچ میں ختم ہو جائے گا، جس کے بعد پاکستان کو آئی ایم ایف کے ایک نئے توسیعی فنڈ پروگرام کی ضرورت ہوگی۔ نئی حکومت کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ اس بارے میں مذاکرات ایک بہت بڑا چیلنج ہوگا۔ 2024 ء کے انتہائی متنازعہ الیکشن کے گہرے منفی اثرات پاکستانی معیشت پر پڑ رہے ہیں۔

ک م/ ع ا(روئٹرز)