1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سفر و سیاحت

مہینہ بھر پورے جرمنی کا سفر، انچاس یورو ٹکٹ کی فروخت شروع

3 اپریل 2023

جرمنی میں عام صارفین اب صرف انچاس یورو فی کس کی ٹکٹ خرید کر مہینہ بھر پورے جرمنی کا لامحدود سفر کر سکیں گے۔ ’انچاس یورو ٹکٹ‘ کہلانے والے اس منصوبے کے تحت سفر یکم مئی سے کیا جا سکے گا۔ ان ٹکٹوں کی سیل اب شروع ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/4PeJd
Germany, public transport, 49-euro-ticket
تصویر: Christian Ohde/CHROMORANGE/picture alliance

گزشتہ برس موسم گرما میں ایسی ہی صرف نو یورو کی ٹکٹ کے تین ماہ کے لیے متعارف کردہ منصوبے کی قومی سطح پر زبردست کامیابی کے بعد اور ملک میں مسلسل بہت زیادہ مہنگائی اور توانائی کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے کے پیش نظر اس بارے میں جرمنی میں وفاقی اور تمام سولہ صوبائی حکومتوں کے مابین گزشتہ کئی ماہ سے مذاکرات جاری تھے کہ عوام کو آئندہ بھی دیرپا بنیادوں پر پورے ملک میں پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے سستے سفر کے پرکشش امکانات مہیا کیے جانا چاہیں۔

پورے جرمنی کے لیے نو یورو ماہانہ کی ٹرین ٹکٹ بہت کامیاب رہی

اب یہ کوششیں بالآخر نتیجہ خیز ثابت ہوئی ہیں اور آج تین اپریل سے عام صارفین صرف 49 یورو فی کس کے عوض ایسی ماہانہ ٹکٹیں خرید سکتے ہیں، جن کے ذریعے سفر یکم مئی سے ممکن ہو سکے گا۔ ایسا اس لیے کیا گیا ہے کہ یہ منصوبہ عملی طور پر یکم مئی سے ہی شروع ہو گا مگر صارفین چاہیں تو ایسی 'انچاس یورو ٹکٹ‘ ایڈوانس میں بھی خرید سکتے ہیں۔

پورے ملک میں لامحدود سفر

ایسی کسی بھی ٹکٹ کا حامل کوئی بھی مسافر پورے ملک میں علاقائی سطح کی پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرتے ہوئے لامحدود سفر کر سکے گا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ صارفین تیز رفتار انٹرسٹی اور انٹرسٹی ایکسپریس ٹرینیں چھوڑ کر باقی ہر قسم کی ریل گاڑیاں، بسیں، ٹرامیں اور زیر زمین ٹرام سسٹم جتنا چاہیں استعمال کر سکیں گے۔

Germany, public transport, 49-euro-ticket
یہ منصوبہ عملی طور پر یکم مئی سے شروع ہو گا تصویر: Sebastian Kahnert/dpa/picture alliance

جرمنی کی سب سے بڑی ریل کمپنی ڈوئچے بان کی ایک ترجمان کے مطابق اس ٹکٹ کی فروخت عوام میں اس لیے بھی بہت مقبول رہے گی کہ آج پیر تین اپریل کو اس کی آن لائن فروخت شروع ہوتے ہی ڈوئچے بان اور بیسیوں علاقائی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کی ویب سائٹس پر ٹکٹیں خریدنے والے صارفین کی تعداد معمول سے دو گنا سے بھی زیادہ رہی۔

چپ کارڈ یا موبائل فون پر ٹکٹ

یہ ٹکٹ الیکٹرانک چپ والے ایک ٹریول کارڈ کے طور پر بھی خریدی جا سکتی ہے اور موبائل فون پر ایک ڈیجیٹل ٹکٹ کی صورت میں بھی۔ اس کی خرید تاہم سالانہ بنیادوں پر ممکن ہو سکے گی اور صارفین کو ہر ماہ اس کے لیے، جیسا کہ نام سے بھی ظاہر ہے، صرف 49 یورو ادا کرنا ہوں گے۔

جرمنی اور پولینڈ کو جوڑنے والی’کلچر ٹرین‘

یہ منصوبہ جرمنی کی موجودہ مخلوط حکومت نے تمام صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر اور اربوں یورو کی سبسڈی کے ساتھ عوامی فلاح کے لیے شروع کیا ہے، اس لیے یہ ایک دیرپا منصوبہ ہو گا۔ عبوری انتظامات کے تحت یہی ٹکٹ کسی بھی ٹکٹ مشین سے سال رواں کے آخر تک چپ کارڈ اور موبائل ٹکٹ کے ساتھ ساتھ پیپر ٹکٹ کی صورت میں بھی خریدی جا سکتی ہے۔

Germany, public transport, 9-Euro-Ticket
جرمنی میں گزشتہ برس موسم گرما میں ایسی ہی صرف نو یورو کی ٹکٹ کے تین ماہ کے لیے متعارف کردہ منصوبے کو قومی سطح پر زبردست کامیابی ملی تھیتصویر: Jörg Carstensen/dpa/picture alliance

یہ ٹکٹ کتنے صارفین خریدیں گے؟

اس ٹکٹ کے بہت سستے ہونے کی وجہ سے ملک بھر کی ٹرانسپورٹ کمپنیوں اور اداروں کو ان کی آمدنی میں جتنا نقصان ہو گا، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے مابین طے پانے والے اتفاق رائے کے مطابق اس نقصان کا آدھا حصہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر اپنی طرف سے سسبڈی کے طور پر ادا کریں گی۔

یورپ بھر کی سیر بذریعہ ٹرین: انٹر ریل کے پچاس سال

اس وقت جرمنی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے روزانہ یا ہفتے میں کئی دن مگر باقاعدگی سے سفر کے لیے سالانہ بنیادوں پر ٹکٹیں خریدنے والے صارفین کی مجموعی تعداد تقریباﹰ 11 ملین بنتی ہے۔

جرمن ٹرانسپورٹ کمپنیوں کی ملکی تنظیم کے مطابق ماہرین کا اندازہ ہے کہ یہ نئی سستی ٹکٹ اتنی زیادہ پسند کی جائے گی کہ اس کے لیےتقریباﹰ 5.6 ملین نئے صارفین بھی اپنے اپنے علاقوں کی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کرتے ہوئے ماہانہ بنیادوں پر یہ ٹکٹ ملک بھر میں استعمال کیا کریں گے۔

م م / ع ا (ڈی پی اے)