پورے جرمنی کے لیے نو یورو ماہانہ کی ٹرین ٹکٹ بہت کامیاب رہی
28 اگست 2022جرمنی کی سب سے بڑی ریل کمپنی ڈوئچے بان نے اتوار اٹھائیس اگست کے روز بتایا محدود مدت کے اس منصوبے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کوئی بھی صارف جون سے اگست تک کے تین ماہ کے دوران ہر مہینے صرف نو یورو ادا کر کے پورے ملک میں قابل استعمال ایسی ٹکٹ خرید سکتا تھا، جس کا قیمت کے لحاظ سے عام حالات میں تصور بھی مشکل تھا۔
جرمنی، ٹرین لائن مکمل طور پر ہائیڈروجن پر منتقل
یہ ٹکٹ اتنی مشہور ہو گئی تھی کہ اس کا نام ہی 'نو یورو ٹکٹ‘ پڑ گیا تھا اور اسے جرمن صارفین کے ساتھ ساتھ بہت سے یورپی شہریوں نے بھی استعمال کیا۔ یہ ٹکٹ بہت تیز رفتار انٹر سٹی اور انٹر سٹی ایکسپریس ٹرینوں کے علاوہ تقریباﹰ ہر طرح کی پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کے لیے استعمال کی جا سکتی تھی۔ یوں کوئی بھی صارف پورا مہینہ پورے ملک میں تمام مقامی اور علاقائی بسوں، ٹراموں اور ریل گاڑیوں میں سفر کر سکتا تھا۔
یہ پیشکش ابھی ختم نہیں ہوئی اور اس کی مدت اکتیس اگست کو پوری ہو گی۔
ڈوئچے بان نے بتایا کہ اس ٹکٹ کی فروخت کا آغاز اس کے یکم جون سے استعمال کا عرصہ شروع ہونے سے پہلے سے ہو گیا تھا اور اتوار 28 اگست تک ایسی تقریباﹰ چھبیس ملین ٹکٹیں خریدی جا چکی تھیں۔
ڈوئچے بان کی ریجنل ٹرانسپورٹ کے شعبے کی سربراہ ایولین پالا نے جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ جن تقریباﹰ دو کروڑ ساٹھ لاکھ صارفین نے یہ ٹکٹیں خریدیں، ان میں سے ہر پانچواں صارف ایسا تھا، جس نے اس پیشکش کو بہت پرکشش سمجھتے ہوئے عوامی شعبے کے ذرائع آمد و رفت کو اپنے لیے 'جیسے نئے سرے سے دریافت‘ کیا تھا۔
جرمن پائلٹ ہوائی جہاز چھوڑ کر ریل گاڑیاں چلانے پر مجبور
ایولین پالا نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران جرمنی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کا رجحان بہت کم ہو گیا تھا۔ تاہم یورپی یونین کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک جرمنی میں صرف اس ٹکٹ کی وجہ سے ہی جون سے لے کر اگست تک عام شہریوں میں ''پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کا رجحان کورونا وائرس کی وبا کے آغاز سے پہلے کے عرصے سے بھی کہیں زیادہ رہا۔‘‘
جرمنی: ٹرینیں لیٹ، مسافروں کو 53 ملین یورو کی ادائیگی
جرمن ٹرانسپورٹ کمپنیوں کی ملکی تنظیم وی ڈی وی کے مطابق صرف پہلے دو ماہ کے دوران ہی مختلف ریل کمپنیوں، بلدیاتی علاقوں کے اپنے ٹرانسپورٹ اداروں اور عام بسوں کے اندر لگی مشینوں تک سے یہ ٹکٹ خریدنے والے مسافروں کی مجموعی تعداد قریب 38 ملین رہی تھی۔
جرمن ریل نیٹ ورک کے لیے 86 ارب یورو کا پیکیج
اس کے علاوہ وہ تقریباﹰ دس ملین جرمن صارفین علیحدہ تھے، جنہوں نے سالانہ بنیادوں پر مقامی یا علاقائی ٹریول کارڈ خرید رکھے ہیں۔ انہیں بھی معمول کی قیمت میں بہت زیادہ کمی کے ساتھ اور ایک خود کار نظام کے تحت تین ماہ کے لیے یہ ٹکٹ ماہانہ صرف نو یورو کے عوض مہیا کر دی گئی تھی۔
م م / ک م (ڈی پی اے، ای پی ڈی)