طب کا نوبل انعام ’باڈی کلاک میں جھانکنے والے‘ ماہرین کے نام
2 اکتوبر 2017سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم سے ملنے والی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق جن تین سرکردہ طبی ماہرین کو سال رواں کا یہ انعام مشترکہ طور پر دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ان کا تعلق امریکا کی تین مختلف یونیورسٹیوں سے ہے۔
سٹاک ہوم میں نوبل کمیٹی کی طرف سے دو اکتوبر کو کیے گئے ایک اعلان کے مطابق سال 2017ء کے لیے میڈیسن کا یہ نوبل انعام جیفری ہال، مائیکل روسبَیش اور مائیکل یَنگ کو مشترکہ طور پر دیا جائے گا۔ ان میں سے Jeffrey Hall کا تعلق Maine یونیورسٹی سے ہے اور Michael Rosbash کا تعلق Brandeis یونیورسٹی سے جبکہ Michal Young راک فیلر یونیورسٹی کے ایک ریسرچر ہیں۔
انسداد ملیریا اور راؤنڈ ورم طفیلیوں کے خلاف ادویات پر نوبل انعام
نوبل کمیٹی کے مطابق ان ماہرین کو یہ انعام انسانی ڈی این اے سے ایک ایسا جین کامیابی کے ساتھ علیحدہ کرنے پر دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو انسانی جسم کی روزمرہ کی کارکردگی کے اندرونی لیکن بہت مربوط توازن کو کنٹرول کرتا ہے۔
نوبل کمیٹی کے مطابق یہ ماہرین اپنی گراں قدر تحقیق کے ذریعے یہ دکھانے میں کامیاب رہے کہ انسانی جسم میں ’حیاتیاتی کلاک‘ کہلانے والا مربوط نظام کیسے کام کرتا ہے۔ ’جسمانی کارکردگی کا یہ متوازن تسلسل‘ Circadian rhythms بھی کہلاتا ہے اور اسی نظام کے تحت انسانی جسم دن کے مختلف حصوں میں خود کو ایک ’باڈی کلاک‘ کے ذریعے نیند کی ضرورت، رویوں، ہارمونز کی سطح، نظام ہضم اور جسمانی درجہ حرارت جیسے پہلوؤں سے مجموعی طور پر مربوط رکھتا ہے۔
طب کا امسالہ نوبل انعام جاپانی ماہر حیاتیات اوسومی کے لیے
کیمیا کا نوبل انعام ڈی این اے مرمت کرنے والوں کے نام
نیوٹریِنوز کی کمیت دریافت کرنے والے سائنس دانوں کے لیے نوبل انعام
ان تینوں امریکی ماہرین کو نوبل انعام کے ساتھ نو ملین سویڈش کرونے یا 1.1 ملین امریکی ڈالر کے برابر رقم بھی دی جائے گی، جو ان تینوں میں برابر تقسیم کر دی جائے گی۔
گزشتہ برس طب کا نوبل انعام جاپان کے خلیاتی حیاتیات کے معروف ماہر یوشی نوری اوسومی کو دیا گیا تھا، جنہوں نے اس بارے میں ایک بڑا سنگ میل ثابت ہونے والی تحقیق کی تھی کہ اپنی انتہائی پیچیدہ ترین حالت میں انسانی خلیے کس طرح کام کرتے ہیں۔
نوبل کمیٹی کی طرف سے ہر سال مختلف شعبوں میں متعدد انعامات دیے جاتے ہیں۔ ان میں سے سال رواں کے لیے پیر کے روز طب کے انعام کے حقدار ماہرین کے ناموں کے اعلان کے بعد فزکس کے نوبل انعام کے حقدار کا اعلان کل منگل تین اکتوبر کو اور کیمسٹری کے نوبل انعام کے حقدار یا حقداروں کے ناموں کا اعلان بدھ چار اکتوبر کے روز کیا جائے گا۔
اسی ہفتے جمعرات کے روز ادب کے نوبل انعام کی حقدار شخصیت کے نام کا اعلان کیا جائے گا جبکہ جمعے کے روز ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں یہ اعلان کیا جائے گا کہ امسالہ نوبل امن انعام کس شخصیت یا کن شخصیات کو دیا جائے گا۔