1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی کلائمٹ سمٹ میں پہلی کامیابی، ماحولیاتی فنڈ قائم

1 دسمبر 2023

موسمیاتی بحران سے سب سے زیادہ متاثر ملکوں کی مدد کے لیے جرمنی اور متحدہ عرب امارات نے فی کس ایک سو ملین ڈالر کی مدد کا اعلان کیا۔ کلائمٹ سمٹ کے پہلے روز ہی ماحولیاتی فنڈ کے قیام کے اعلان کو اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔

https://p.dw.com/p/4ZeOQ
متحدہ عرب امارات کے سلطان الجابرعالمی ماحولیاتی سمٹ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے
متحدہ عرب امارات کے سلطان الجابرعالمی ماحولیاتی سمٹ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےتصویر: Wang Dongzhen/Xinhua/IMAGO

یہ پہلا موقع ہے جب "خسارہ اور نقصان فنڈ" میں رقم دینے کا اعلان کیا گیا۔ اس پر گذشتہ سال مصر میں منعقدہ عالمی ماحولیاتی سمٹ (سی او پی 27) میں اتفاق رائے ہوا تھا۔ اس سے ان چھوٹے ملکوں کی مدد کی جائے گی جو سب سے زیادہ کاربن کا اخراج کرنے والے بڑے ملکوں کی وجہ سے ماحولیاتی بحران سے دوچار ہیں۔

دوبئی میں جمعرات کے روز شروع ہونے والی اقوام متحدہ کی عالمی موسمیاتی کانفرنس میں "خسارہ اور نقصان فنڈ " کے لیے برطانیہ، امریکہ اور جاپان نے بھی چھوٹی مالی امداد دینے کے وعدے کیے۔

عالمی ماحولیاتی سمٹ کی صدارت کرنے والے تیل کی دولت سے مالا مال ملک متحدہ عرب امارات کے سلطان احمد الجابر نے اس فنڈ میں مالی مدد دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا،"اب اصل کام شروع ہوتا ہے۔"

انہوں نے کہا، "میں خود آگے بڑھ کر یہ کام کروں گا اور اس چیلنج سے نمٹنے کی کوشش نیز حقیقی اور قابل عمل نتائج فراہم کروں گا۔" انہوں نے دعویٰ کیا کہ "خسارہ اور نقصان فنڈ "کے اعلان کے بعد ملکوں میں "مثبت اور پرامید" جذبہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔

موسمیاتی تبدیلی دنیا کی معیشتوں کے لیے اربوں کے نقصان کا سبب

سلطان جابر جو متحدہ عرب امارات کی قومی تیل کمپنی این ڈی این او سی کے سربراہ بھی ہیں، نے کہا کہ معدنی ایندھن کے کردار کو اقوام متحدہ کے ماحولیاتی مذاکرات میں شامل کیا جانا چاہئے۔

ماحولیات کے لیے سرگرم کارکنوں، موسمیاتی اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک اور اقوام متحدہ کے سربراہ انٹونیو گوٹیریش نے معدنی ایندھن (فوسل ایندھن) کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جو کہ گرین ہاوس گیسوں کے تین چوتھائی اخراج کے لیے ذمہ دار ہے۔

دوبئی میں 30 نومبر کو شروع ہوکر 12دسمبر تک چلنے والی اقوام متحدہ کی موسمیاتی عالمی کانفرنس تاریخ کی سب سے بڑی ماحولیاتی کانفرنس ثابت ہوسکتی ہے
دوبئی میں 30 نومبر کو شروع ہوکر 12دسمبر تک چلنے والی اقوام متحدہ کی موسمیاتی عالمی کانفرنس تاریخ کی سب سے بڑی ماحولیاتی کانفرنس ثابت ہوسکتی ہےتصویر: Giuseppe Cacace/AFP

فنڈ کے قیام کا جرمنی کی جانب سے خیر مقدم

بالخصوص کمزور ملکوں کو ہونے والے ماحولیاتی نقصانات کی تلافی کے لیے متحدہ عرب امارات اور جرمنی کی جانب سے مالی امداد دینے کے اعلان کے بعد جرمن وزیر ترقیات سوینجا شولز نے چین سے بھی اس فنڈ میں اپنا حصہ ڈالنے کی اپیل کی۔

عالمی معاہدہ برائے ماحولیاتی نقصان کیسے کام کرتا ہے؟

جرمن وزیر نے جمعے کے روز ایک اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں کہا،" چین اور دیگر ابھرتے ہوئے ملکوں کو بھی متحدہ عرب امارات کے عمل کی تقلید کرنی چاہئے اور نئے فنڈ میں اپنا حصہ ڈالنا چاہئے۔"

’عالمی تنازعات‘ ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف اقدامات کی راہ میں رکاوٹ ہیں، جرمن صدر

متحدہ عرب امارات فنڈ کی جانب سے رقم دینے کے اعلان کے ساتھ ہی وہ اقوام متحدہ کے ماحولیاتی فنڈ کے لیے دروازہ کھولنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔

شولز نے کہا،"اس طرح ہم مالی امداد میں حصہ لینے والے روایتی صنعتی ملکوں کے چھوٹے گروپ اور دیگر ملکوں کے درمیان پرانی تقسیم پر قابو پارہے ہیں۔"

انہو ں نے مزید کہا، "اس نظیر سے یہ واضح ہوتا ہے کہ خلیجی ریاستوں جیسے ممالک کی بھی ذمہ داری ہے۔ وہ بھی بہت زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج کرتے ہیں اور موسمیاتی نقصانات سے نمٹنے میں غریب ممالک کی مدد کرنے کے متحمل ہیں۔"

دوبئی میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی عالمی کانفرنس میں 140سے زائد سربراہان مملکت اور حکومت شرکت کریں گے
دوبئی میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی عالمی کانفرنس میں 140سے زائد سربراہان مملکت اور حکومت شرکت کریں گےتصویر: Chris Jackson/Getty Images

سی او پی 28 تاریخ کی سب سے بڑی ماحولیاتی کانفرنس

دوبئی میں 30 نومبر کو شروع ہوکر 12دسمبر تک چلنے والی اقوام متحدہ کی موسمیاتی عالمی کانفرنس تاریخ کی سب سے بڑی ماحولیاتی کانفرنس ثابت ہوسکتی ہے۔ اس میں 140سے زائد سربراہان مملکت اور حکومت شرکت کریں گے، جو کہ گزشتہ سال کی سمٹ سے دو گنی تعداد ہے۔

دنیا میں ماحولیاتی تبدیلی کی قیمت کون ادا کر رہا ہے؟

متحدہ عرب امارات کو امید ہے کہ وہ قابل تجدید توانائی کی صلاحیت کو سن 2030 تک تین گنا کرنے اور توانائی کی کارکردگی میں بہتری کی سالانہ رفتار کو دوگنا کرنے کے معاہدے کی قیادت کرے گا۔ ماہرین نے تاہم خبردار کیا ہے کہ اہم مذاکرات کے دوران اعتماد کی کمی ایک بڑی رکاوٹ ثابت ہو سکتی ہے۔

دنیا کے دو سب سے بڑے آلودگی پھیلانے والے ممالک امریکہ اور چین کے رہنما اس عالمی موسمیاتی کانفرنس میں شرکت نہیں کررہے ہیں۔ حالانکہ ایک غیر معمولی پیش رفت کے تحت ان دونوں ملکوں نے کانفرنس سے قبل ایک مشترکہ ماحولیاتی اعلامیہ جاری کیا ہے۔

 ج ا/ ص ز (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز، ڈی پی اے)