عالمی کپ کرکٹ، آسٹریلیا نے زمبابوے کو ہرا دیا
21 فروری 2011بھارتی شہر احمد آباد میں کھیلے گئے گروپ اے کے اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی طرف سے نمایاں بلے باز شین واٹسن رہے، جنہوں نے 79 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ مائیکل کلارک نے 58، بریڈ ہیڈن نے 29، رکی پونٹنگ نے 28 جبکہ کیمرون وائٹ نے 14 رنز بنائے۔
زمبابوے کی طرف سے کامیاب ترین بولر Mpofu رہے، جنہوں نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ مجموعی طور پر زمبابوے کے بولروں نے آسٹریلوی بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع کم ہی دیا۔
جب زمبابوے نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو تجربہ کار آسٹریلوی بولروں نے زمبابوے کے بلے بازوں کو باندھ کر رکھ دیا، جس کے نتیجے میں وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ زمبابوے کی طرف سے کامیاب ترین بلے بازCremer رہے، انہوں نے 37 رنز بنائے۔ دیگر نمایاں بلے بازوں میں ولیمز نے 26 جبکہ Utseya نے 24 رنز بنائے۔ اس طرح زمبابوے کی پوری ٹیم 171 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
آسٹریلیا کی طرف سے مچل جانسن نے چار جبکہ شان ٹیٹ اور J. Krejza نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس میچ کے بہترین کھلاڑی شین واٹسن قرار پائے۔ عالمی کپ مقابلوں کے سلسلے میں پانچواں میچ گروپ بی کی ٹیمیوں کے مابین کھیلا جائےگا۔ بائیس فروری کو یہ میچ انگلینڈ اور ہالینڈ کی ٹیموں کے مابین بھاری شہر ناگپور میں ہو گا۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: مقبول ملک