1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عراق: 2003ء کے بعد سے سویلین ہلاکتوں کی کم ترین تعداد

30 دسمبر 2010

انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والی تنظیم ’عراق باڈی کاؤنٹ‘ (IBC) کی جانب سے پیش کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق 2003ء میں عراق پر امریکی حملے کے بعد سے اب تک عام شہریوں کی ہلاکتوں کی تعداد رواں برس کم ترین رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/zrcE
تصویر: AP

اس رپورٹ کے مطابق رواں برس 23 دسمبر تک عراق میں مختلف پرتشدد واقعات میں سویلین ہلاکتوں کی تعداد 3,976 رہی۔ تاہم کم ترین تعداد کے باوجود اوسطاﹰ یہ تعداد قریب 11 ہلاکتیں روزانہ بنتی ہے۔ گزشتہ برس یعنی 2009ء کے دوران یہ تعداد 4,680 رہی تھی۔

IBC کے مطابق رواں برس سویلین ہلاکتوں میں ہونے والی کمی کی سالانہ شرح گزشتہ دو برس کے مقابلے میں کم رہی۔ رواں برس یہ شرح 15 فیصد جبکہ اس سے قبل کے دوسالوں میں کمی کی یہ شرح بالترتیب 50 فیصد اور 63 فیصد رہی تھی۔

Anschlag auf die jordanische Botschaft im Irak
رواں برس 23 دسمبر تک عراق میں مختلف پرتشدد واقعات میں سویلین ہلاکتوں کی تعداد 3976 رہی۔تصویر: AP

IBC کی طرف سے جاری کی جانے والی اس سالانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال 2010ء کے اعداد و شمار کا اگر اس سے فوری قبل کےسالوں سے موازنہ کیا جائے تو اندازہ ہوتا ہے کہ عراق میں موجود اختلافات میں کمی واقع ہوئی ہے۔ تاہم رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ متوقع طور پر یہ اختلافات ابھی مستقبل میں بھی شہری ہلاکتوں کی وجہ بنتے رہیں گے۔

عراق میں اکثریتی شیعہ اور ماضی میں حکومت میں رہنے والی سنی آبادی کے درمیان پرتشدد اختلافات بالعموم عام شہریوں کی ہلاکتوں کی وجہ بنتے ہیں، خصوصاﹰ سابق عراقی صدر صدام حسین کی بعث پارٹی اور شیعہ ملیشیا کے عسکریت پسند ایک دوسرے کے خلاف حملے کرتے رہتے ہیں۔

Türkischer Konvoi mit Kriegsgerät an der türkisch-irakischen Grenze
امریکہ کی طرف سے 2003ء میں عراق پر حملے کے بعد سے اب تک کُل 4748 غیرملکی فوجی ہلاک ہوئے۔تصویر: AP

IBC کے مطابق سال 2010ء گزشتہ برسوں کے مقابلے میں اس لئے بھی زیادہ امید افزا ثابت ہوا کیونکہ اس برس 31 اگست کو امریکہ کی جانب سے اپنے جنگی آپریشن کے اختتام کے بعد کے مہینوں میں سویلین ہلاکتوں میں نصف کی کمی واقع ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق عراق کے شمالی شہر موصل اور دارالحکومت بغداد میں رواں برس بھی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں۔

انسانی حقوق کی تنظیم ’عراق باڈی کاؤنٹ‘ کی طرف سے جاری کردہ ہلاکتوں کی تعداد عراقی حکومت کے اعداد و شمار سے زائد ہے۔ عراقی وزارت صحت کے مطابق رواں برس جنوری سے نومبر تک ہونے والی سویلین ہلاکتوں کی تعداد 2416 ہے، جبکہ دسمبرکے اعداد و شمار ابھی دستیاب نہیں ہیں۔

عراق میں فوجی ہلاکتوں پر نظر رکھنے والی تنظیم icasualties.org کے مطابق 2003ء میں عراق پرامریکی حملے کے بعد سے اب تک عراق میں غیرملکی فوجیوں کی ہلاکتوں کی کُل تعداد 4,748 بنتی ہے، جبکہ عراق باڈی کاؤنٹ کے مطابق اس عرصے کے دوران عراقی سویلین افراد کی رپورٹ شدہ ہلاکتوں کی تعداد 108,398 ہے۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں