1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عراقی فوج کی تَل عَفر پر چڑھائی

عابد حسین
20 اگست 2017

تَل عَفر عراق اور شام کی سرحد کے درمیان اسٹریٹیجک نوعیت کا ایک اہم شہر ہے۔ موصل کے بعد عراق میں داعش (اسلامک اسٹیٹ) کے قبضے میں یہ آخری شہر ہے۔

https://p.dw.com/p/2iWBP
Irak - Mossul - IS
تصویر: Getty Images/AFP/A. Al-Rubaye

عراق کی فوج نے اپنی بنیادی جنگی حکمت عملی اور منصوبہ بندی مکمل کرنے کے بعد تَل عَفر کے شہر کا قبضہ چھڑانے کی فوجی مہم شروع کر دی ہے۔ عراقی فوج کو ملکی ایئر فورس کے جنگی طیاروں کی مدد بھی حاصل ہے۔ تَل عَفر پر قابض جہادیوں کو پچھلے کئی ایام سے عراقی جنگی ہوائی جہاز نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ عراقی فوج کے جنگی حکمت عملی میں امریکی فوجی ماہرین بھی زمینی فوج کے ہمراہ ہیں۔

عراق: ’داعش کا مقدس مزارات پر حملوں کا منصوبہ ناکام بنا دیا‘

عراقی شیعہ رہنما مقتدیٰ الصدر کا سعودی عرب کا غیر عمومی دورہ

عراق سے ملنے والی ٹین ایجر جرمن شہری ہے، جرمن حکام

داعش عالمی سطح پر فعال رہنے کی اہل کیسے ہے؟

عراقی فوج کی سیاہ وردی میں ملبوس وزیراعظم حیدرالعبادی نے اپنے ملک میں دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے زیر کنٹرول آخری شہر تَل عَفر کا قبضہ چھڑانے کے عسکری آپریشن کے شروع کرنے کا اعلان کیا۔ فوجی آپریشن کے شروع کیے جانے پر عراقی وزیراعظم نے جہادیوں کو کہا ہے کہ اُنہیں ہتھیار ڈالنے یا موت میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہو گا۔

Irak - IS Islamischer Staat in Fallujah
تل عفر پرعسکریت پسند تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے سن 2014 میں قبضہ کیا تھاتصویر: picture alliance/AP Photo

امدادی گروپوں کا کہنا ہے کہ اس نئی عسکری مہم سے عراق میں داخلی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہو گا جس سے وہاں پیدا انسانی المیہ مزید گھمبیر ہو جائے گا۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ حملے سے ہزاروں افراد کو اندرون ملک مہاجرت کا سامنا ہو گا۔ عراقی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تَل عَفر کی اکثریتی آبادی پہلے ہی داعش کے جہادیوں کے ظلم و جبر سے بچنے کے لیے راہِ مہاجرت اختیار کر چکی ہے۔

شیعہ اکثریتی آبادی والے اس شہر پر عسکریت پسند تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے سن 2014 میں قبضہ کیا تھا۔ عراقی فوج نے رواں برس جولائی میں موصل کا مکمل قبضہ چھڑا لیا تھا۔ موصل شہر میں سے جہادیوں کو نکالنے کی مہم اکتوبر سن 2016 میں شروع کی گئی تھی۔

شام اور موصل کے درمیان قائم شاہراہ داعش کے جہادیوں کی نقل و حرکت اور اہم ترین سپلائی روٹ تصور کیا جاتا ہے۔  تَل عَفر دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے خود ساختہ خلافت کے مرکز ’الرقہ‘ سے موصل کی جانب سفر کرنے والے جہادیوں کاایک اہم پڑاؤ تصور کیا جاتا ہے۔ یہ شہر موصل کے مغرب میں شامی سرحد سے تقریباً 150 کلومیٹر کی دوری پرواقع ہے۔