1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غزہ کی جنگ: امریکی بموں سے فلسطینی ہلاکتیں ہوئیں، بائیڈن

9 مئی 2024

امریکی صدر نے اس حقیقت پر افسوس کا اظہار کیا کہ اسرائیل نے امریکہ کے فراہم کردہ بم فلسطینی علاقوں پر گرائے جس سے عام شہریوں کی جانیں گئیں۔ رفح میں ان بموں کے استعمال کے امکانات کے مدنظر اسرائیل کو ان کی ترسیل روک دی ہے۔

https://p.dw.com/p/4ffHK
حماس کے خلاف جنگ کے نتیجے میں اب تک تقریباً پینتیس ہزار فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر عام شہری ہیں
حماس کے خلاف جنگ کے نتیجے میں اب تک تقریباً پینتیس ہزار فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر عام شہری ہیںتصویر: Abed Khaled/AP Photo/picture alliance

صدر جو بائیڈن نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اعتراف کیا کہ اسرائیل نے غزہ میں حماس کو ختم کرنے کی غرض سے سات ماہ قبل جو حملے کیے، اس میں امریکہ کی جانب سے بھیجے گئے آتشی اسلحے کا استعمال بھی کیا گیا ہے۔

اسرائیل کو بھیجے گئے دو ہزار پاونڈ وزنی بموں کے بارے میں سوال پربائیڈن نے کہا، "ان بموں اور دیگر طریقوں کے استعمال کے نتیجے میں غزہ میں شہری مارے گئے۔"

رفح حملے پر خدشات، اسرائیل کو امریکی بموں کی ترسیل معطل

غزہ میں فائر بندی غیر یقینی، رفح میں اسرائیلی کارروائی جاری

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کی دہشت گرد تنظیم حماس کے خلاف جنگ کے نتیجے میں اب تک تقریباً پینتیس ہزار فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر عام شہری ہیں۔

 صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ امریکہ تاہم اسرائیل کو دفاعی ہتھیار فراہم کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا، ''ہم مسلسل اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اسرائیل آئرن ڈوم اور حال ہی میں شرقِ وسطی سے ہونے والے حملوں کا جواب دینے کی صلاحیت کے لحاظ سے محفوظ ہو۔ لیکن ہم ہتھیار اور توپ خانے کے گولے فراہم نہیں کریں گے۔''

فلسطینی اسرائیل کے حملے کے خدشے کے مدنظر رفح سے محفوظ مقام کی طرف جاتے ہوئے
فلسطینی اسرائیل کے حملے کے خدشے کے مدنظر رفح سے محفوظ مقام کی طرف جاتے ہوئےتصویر: AFP

رفح پر حملہ کیا تو امریکہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی بند کر دے گا

جو بائیڈن نے تاہم  بدھ کے روز پہلی بار اسرائیل کو اعلانیہ طور پر متنبہ کیا کہ اگر اسرائیلی افواج نے جنوبی غزہ میں پناہ گزینوں سے بھرے شہر رفح پر بڑا حملہ کیا تو امریکہ اسے ہتھیاروں کی فراہمی بند کر دے گا۔

غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد 34 ہزار سے متجاوز

اسرائیلی فوج کا فلسطینیوں سے رفح کے مشرقی حصوں سے انخلا کا مطالبہ

بائیڈن کا کہنا تھا، "ہم نے واضح کر دیا ہے کہ اگر وہ رفح کا رخ کرتے ہیں تو ہم وہ ہتھیار فراہم نہیں کریں گے جو ان شہروں سے نمٹنے کے لیے استعمال کیے گئے ہیں جہاں یہ مسئلہ موجود ہے۔''

ایک سینیئر امریکی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ واشنگٹن نے رفح میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں کی ترسیل کا بغور جائزہ لیا تھا اور اس کے نتیجے میں 2,000 پاؤنڈ وزنی 1800 بم اور 500 پاؤنڈز وزنی 1700 بموں پر مشتمل ایک کھیپ کو روک دیا گیا ہے۔

 اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر گیلاد اردن نے واشنگٹن کے فیصلے کو ''انتہائی مایوس کن'' قرار دیا۔

امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا کہ اسرائیل کو بھاری ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کا فیصلہ عارضی ہے
امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا کہ اسرائیل کو بھاری ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کا فیصلہ عارضی ہےتصویر: STR/AFP

اسرائیل کو بموں کی ترسیل کیوں روکی جا رہی ہے؟

امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے بدھ کو کہا کہ صدر جو بائیڈن نے اسرائیل کو بھاری ہتھیاروں کی فراہمی عارضی طور پر روکنے کا فیصلہ اس لیے کیا ہے کہ واشنگٹن کا خیال ہے کہ غزہ کے شہر رفح میں اسرائیل کے کسی ممکنہ حملے سے عام شہریوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی انتظامیہ اسرائیل کے لیے سکیورٹی سے متعلق کچھ جلد ہونے والی ترسیل کا بھی جائزہ لے رہی تھی۔

آسٹن بائیڈن انتظامیہ کے پہلے سینئر عہدے دار ہیں جنہوں نے اسرائیل کو اسلحہ دینے سے متعلق امریکی پالیسی میں کسی ممکنہ تبدیلی کی عوامی طور پر وضاحت کی ہے۔ سینیٹ کی ایک سماعت کے دوران آسٹن نے زور دیا کہ امریکہ اسرائیل کے دفاع کے لیے آہنی عزم رکھتا ہے اور اسلحہ کی ترسیل معطل کرنے کا فیصلہ حتمی نہیں ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ امریکہ اس کو ترجیح دیتا ہے کہ 'رفح میں کوئی بڑی لڑائی نہ ہو' اور یہ کہ کم از کم کسی بھی اسرائیلی کارروائی میں عام شہریوں کی جانوں کا تحفظ ضروری ہے۔

آسٹن کا کہنا تھا، ''ہم شروع سے ہی اس بارے میں بہت واضح رہے ہیں کہ اسرائیل کو رفح میں وار زون میں موجود شہریوں کے تحفظ کے بغیر، وہاں کوئی بڑا حملہ نہیں کرنا چاہیے۔ "

 

 ج ا/ ص ز (اے پی، روئٹرز، اے ایف پی)