1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غیر ملکیوں کو یورپی یونین کی شہریت کم دی جائے، یورپی کمیشن

7 اگست 2018

یورپی یونین کی انصاف سے متعلقہ امور کی نگران کمشنر ویرا ژُورووا نے یونین کے رکن ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس بلاک سے باہر کی ریاستوں کے باشندوں کو یورپی شہریت کم دیں اور اس عمل میں بہت احتیاط کا مظاہرہ کریں۔

https://p.dw.com/p/32j67
تصویر: Fotolia/keki

جرمن دارالحکومت برلن اور بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں یورپی یونین کے صدر دفاتر سے منگل سات اگست کو ملنے والی نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ویرا ژُورووا نے کہا ہے کہ یونین کی رکن ریاستوں کو اپنے ہاں ایسے غیر ملکیوں کو مقامی شہریت دینے کے عمل میں بہت زیادہ احتیاط کا مظاہرہ کرنا چاہیے، جو یونین سے باہر کے ممالک کے شہری ہوتے ہیں۔

جرمن جریدے ’دی وَیلٹ‘ میں آج منگل کے روز شائع ہونے والے اپنے ایک انٹرویو میں ویرا ژُورووا نے کہا کہ یورپی یونین اور یورپی کمیشن کو اس بات پر گہری تشویش ہے کہ یورپ میں ’گولڈن پاسپورٹ‘ کا اجراء زور پکڑتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی کمیشن کی طرف سے اس بارے میں نئے ضوابط کا اعلان اسی سال موسم خزاں میں کر دیا جائے گا۔

EU Justice Commissioner Vera Jourova
یورپی یونین کی کمشنر برائے انصاف ویرا ژُوروواتصویر: EU/Georges Boulougouris

یورپی یونین کی کمشنر برائے انصاف ژُورووا نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں اس بلاک کی رکن ایسی ریاستوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، جنہوں نے یہ طریقہ اپنا رکھا ہے کہ وہ اپنے ہاں بڑی سرمایہ کاری کرنے والے غیر ملکیوں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں مقامی شہریت دینے لگی ہیں۔

ویرا ژُورووا نے اس سلسلے میں اس بلاک سے باہر کے ممالک سے آنے والے غیر ملکیوں کی طرف سے رکن ممالک میں بہت مہنگی جائیدادیں خریدنے کے عمل کو مقامی شہریت حاصل کرنے کا ذریعہ بنائے جانے پر بھی تنقید کی۔

’دی وَیلٹ‘ کی آج شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں ویرا ژُورووا کے اس انٹرویو کے ساتھ ہی ان حقائق کی نشان دہی بھی کی گئی ہے کہ یونین کے قبرص، مالٹا اور یونان جیسے ممالک میں ایسا ہوتا ہے کہ وہاں بہت زیادہ سرمایہ کاری کرنے والے غیر ملکیوں کو طویل المدتی رہائشی ویزے یا مقامی شہری حقوق بھی دے دیے جاتے ہیں۔ عرف عام میں ایسے ویزوں کو ’گولڈن ویزے‘ اور ایسے پاسپورٹوں کو ’گولڈن پاسپورٹ‘ کہا جاتا ہے۔

Malta Reisepass von Blogger Manuel Delia
تصویر: DW/A. de Loore

ان یورپی ممالک میں ایسے نام نہاد ’گولڈن ویزے‘ یا ’گولڈن پاسپورٹ‘ حاصل کرنے والے غیر ملکی اکثر ایسے چینی، روسی یا سابق سوویت یونین کی ریاستوں کے شہری ہوتے ہیں، جو اس طرح کے حقوق حاصل کرنے کے بعد پوری یورپی یونین میں آزادانہ گھوم پھر سکتے ہیں۔

اس بارے میں یورپی کمشنر برائے انصاف نے اپنے انٹرویو میں کہا، ’’ہم نہیں چاہتے کہ ایسے غیر ملکیوں کی صورت میں یورپ میں ممکنہ طور پر بہت خطرناک افراد بھی آزادانہ گھومتے پھرتے رہیں۔‘‘

انہوں نے کہا، ’’چند یورپی ریاستوں کو اس امر کو یقینی بنانے کے لیے مزید اقدامات کرنا ہوں گے کہ اس طرح دیے جانے والے طویل المدتی رہائشی ویزے یا شہریت ممکنہ مجرموں کو نہ دیے جائیں، خاص طور پر ایسے غیر ملکیوں کو جو یورپی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیں یا منی لانڈرنگ میں ملوث ہوں۔‘‘

ویرا ژُورووا نے اپنے اس موقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کو مجرموں کے لیے کوئی محفوظ پناہ گاہ، بدعنوانی کا مرکز یا ناجائز رقوم کی کوئی ذخیرہ گاہ نہیں بننے دیا جا سکتا۔

م م / ع ا / ڈی پی اے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید