فتح ٹو راکٹ سسٹم کا تجربہ کامیاب رہا، پاکستانی فوج
15 مئی 2024پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے آج بدھ کے روز مختصر فاصلے تک مار کرنے والے اور مقامی طور پر تیار کردہ راکٹ سسٹم کا کامیاب تجربہ کیا۔ اس تجربے کا مقصد بظاہر روایتی حریف اور پڑوسی ملک بھارت کی طرف سے کسی بھی جارحانہ کارروائی کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی دفاعی صلاحیت بڑھانا ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بدھ کے روز جاری کردہ ایک بیان کے مطابق فتح ٹو گائیڈڈ راکٹ سسٹم 400 کلومیٹر کی رینج کے ساتھ ساتھ جدید ترین نیوی گیشن سسٹم، منفرد رفتار اور قابل عمل خصوصیات کا حامل ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ انتہائی درستگی کے ساتھ اپنے اہداف کو نشانہ بنا سکتا ہے اور کسی بھی میزائل ڈیفنس سسٹم کو شکست دے سکتا ہے۔
پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف اور ملکی فوج نے اس راکٹ سسٹم کی تیاری کے لیے کام کرنے والے سائنسدانوں اور انجینئرز کے ساتھ ساتھ ان فوجیوں کو بھی مبارکباد دی ہے، جنہوں نے اس کی کامیاب لانچنگ کو یقینی بنایا۔ پاکستان کی فوج بھارت کی طرف سے کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کی اپنی صلاحیت کو ظاہر کرنے کی کوشش میں اکثر مقامی طور پر تیار کیے گئے کروز میزائلوں اور ہتھیاروں کے تجربات کرتی رہتی ہے۔
جنوبی ایشیا کے جوہری ہتھیاروں سے لیس دونوں حریف ممالک پاکستان اور بھارت 1947 میں برطانوی نوآبادیاتی حکمرانی سے آزادی حاصل کرنے کے بعد سے ایک دوسرے کے خلاف اب تک تین جنگیں لڑ چکے ہیں۔
ش ر ⁄ م م (اے پی)