فرانس: یورو چیمپئن شپ سے قبل آسمانی و زمینی مشکلات
5 جون 2016پیرس شہر کے اندر سے گزرنے والے دریائے سین میں سے بڑا سیلابی ریلا گزر چکا ہے اور اِس کی بلند سطح میں سست روی سے کمی واقع ہو رہی ہے مگر ابھی بھی فرانس پر گھنے بادل چھائے ہوئے ہیں۔ اِس ویک اینڈ پر پیرس میں ہزاروں افراد دریائے سین میں سے گزرنے والے سیلابی ریلے کی تصاویر بھی بناتے رہے۔ سیلاب اور بارشوں سے پیرس اور دوسرے علاقوں کو شدید نقصان کا سامنا رہا۔ انشورنس کمپنیوں کے اہلکاروں نے سیلاب اور بارشوں سے ہونے والے نقصان کا اندازہ چھ سو ملین یورو تک لگایا ہے۔
دوسری جانب دنیا بھر میں فٹ بال کی عالمی چیمپئن شپ کے بعد سب سے بڑے ٹورنامنٹ کا میزبان فرانس ہے۔ یہ ٹورنامنٹ فٹ بال کی یورپی ملکوں کی چیمپئن شپ ہے۔ اِس چیمپئن شپ کا پہلا میچ دس جون کو کھیلا جائے گا۔ اِس کے آغاز سے قبل شدید بارشوں اور فرانسیسی ٹرانسپورٹ نظام کی ہڑتال نے پیرس حکومت اور عوام کو انتہائی پریشان کر رکھا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یورپی چیمپئن شپ کے دوران ممکنہ دہشت گردی کے خطرے کا انتباہ امریکی انٹلیجنس اداروں نے دے دیا ہے۔
مجموعی طور پر پولیس اور فائر بریگیڈز کے عملے سے لیکر فرانسیسی حکومت کے ہر شعبے کو دباؤ کا سامنا ہے۔ پیرس حکومت کو توقع ہے کہ یورو 2016 کے میچوں کو دیکھنے کے لیے پندرہ لاکھ شائقین اور سیاح فرانس پہنچیں گے۔ فرانسیسی ذرائع ابلاغ کے مطابق زمینی مسائل اور آسمانی آفتوں کے باوجود فرانس میں پارٹی ٹائم کا احساس پایا جاتا ہے۔
اِس ٹورنامنٹ کے دوران فرانسیسی حکومت نے انتہائی سخت سکیورٹی مرتب کرنے کے پروگرام کو پہلے ہی طے کر رکھا ہے۔ سات ماہ قبل فرانس کو ایسے دہشت گردانہ حملوں کا سامنا کرنا پڑا تھا، جن میں کم از کم ایک سو تیس انسانی جانیں ضائع ہوئی تھیں۔ اِس واقعے کے بعد سے سلامتی کی صورت حال پر خاص حکومتی فوکس دیکھا گیا ہے۔
پیرس کی پولیس نے حکومت کو تجویز کیا ہے کہ دارالحکومت کے دو اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچوں کے بعد شائقین کے جشن برپا کرنے والے اجتماعات کو ممنوع قرار دیا جائے کیونکہ دہشت گردی کا خطرہ موجود ہے اور یہ فین زونز آسان ہدف ہو سکتے ہیں۔ یہ تجویر پیرس پولیس کے سربراہ نے ملکی وزیر داخلہ کو پیش کی ہے۔ میڈیا میں اِس تجویز کو متنازعہ قرار دیا گیا ہے۔
اسی دوران فرانسیسی ریلوے کی ہڑتال ختم ہوتی دکھائی نہیں دے رہی۔ اِس باعث لوگوں کو کاروں کے لیے پٹرول حاصل کرنے میں اب دشواری کا سامنا ہے۔ وزیراعظم مانویل والس نے ریل کمپنی ایس این سی ایف (SNCF) سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی ہڑتال کو ختم کرتے ہوئے مذاکرات کا عمل شروع کرے۔ والس کے مطابق ہڑتال سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ناقابلِ تلافی نقصان ہو چکا ہے۔
فرانس کی ہوائی کمپنی ایئر فرانس نے بھی گیارہ جون سے چار روزہ ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ ہڑتالوں کا سلسلہ حکومت کی نئی لیبر اصلاحات کے جواب میں ہے۔ حکومتی موقف ہے کہ ان اصلاحات سے شرح بیروزگاری میں کمی واقع ہو گی جبکہ لیبر یونینز اِس موقف سے متفق نہیں ہیں۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق حکومت اور صدر فرانسوا اولانڈ کو شدید عوامی غیرمقبولیت کا سامنا ہے۔