1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فوجی انخلا کے بعد، افغانستان اور امریکہ کے تعلقات

27 جولائی 2011

افغانستان میں تعینات امریکی سفیر نے کہا ہے کہ واشنگٹن حکومت افغانستان میں اپنے فوجی اڈے مستقل طور پر قائم رکھنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی تاہم کئی افغان شہری اس بیان کو شک کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/124h7
تصویر: picture alliance/dpa

منگل کو افغان صدر حامد کرزئی نے فوج، پولیس اور خفیہ اداروں کے سربراہان سے خطاب کے دوران افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلاء کے بعد امریکی حکومت کے ساتھ تعاون کی ممکنہ نوعیت پر انہیں معلومات فراہم کیں۔ کرزئی نے کہا کہ اس وقت کابل حکومت واشنگٹن حکومت کے ساتھ اس حوالے سے مذاکرات کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔

افغان صدر حامد کرزئی نے کہا کہ کابل حکومت کی شرائط میں یہ بھی شامل ہے کہ افغانستان میں تعینات غیر ملکی فوجی افغان آئین کے دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے اپنی خدمات سر انجام دیں اور افغانستان میں موجود تمام امریکی حراستی مراکز بند کر دیے جائیں۔ تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کی یہ شرائط مذاکرات کی شکل میں کس طرح ڈھالی جائیں گی۔

NO FLASH Hamid Karzai
افغان صدر حامد کرزئیتصویر: dapd

حکومت، فوج ، پولیس اور خفیہ اداروں کے مابین اعتماد کی فضا بہتر بنانے کے لیے صدر کرزئی نے اپنے خطاب میں حاضرین کو اپنی تجاویز بھی پیش کیں اور ان پر حاضرین کی رائے بھی طلب کی۔

افغانستان میں تعینات غیر ملکی افواج کے انخلاء کے پہلے مرحلے کے اختتام پر کی جانے والی اپنی اس تقریر میں حامد کرزئی نے کہا، ’ملکی سالمیت اور اقتصادیات کو مضبوط بنانے کے لیے مزید کئی شرائط بھی ہیں، جن میں افغان آئین کا پورا احترام بھی شامل ہے‘۔ انہوں نے امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، ’ان کی بھی کئی شرائط ہیں، لیکن ابھی تک ہم نے کسی بات پر بھی اپنی رضا مندی ظاہر نہیں کی‘۔

ملکی دارالحکومت کابل میں واقع صدارتی محل میں کی جانے والی اس تقریر میں صدر حامد کرزئی نے مزید کہا، ’نیٹو اور بین الاقوامی برداری ہمارے ملک کی مدد کر رہے ہیں۔ لیکن یہ ہمیشہ نہیں ہو گا، ہم یہ ہمیشہ کے لیے نہیں چاہتے‘۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات پر کوئی فخر نہیں ہے، ’اچھی خبر یہ ہو گی، جب افغان عوام اپنے ملک کی باگ ڈور خود سنبھال لیں گے‘۔

دوسری طرف افغان عوام کے ساتھ ساتھ سکیورٹی تجزیہ نگاروں کے خیال میں بھی فی الحال افغان فورسز اس قابل نہیں کہ وہ پورے ملک میں سلامتی کی ذمہ داریاں خود سنبھال سکیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں