فیس بک پر ڈس انفارمیشن: الیکشن میں مداخلت کے خلاف نئے فیچرز
29 جنوری 2019ان فیچرز کے ذریعے یورپ میں اسی سال مئی میں ہونے والے یورپی پارلیمانی انتخابات میں بھی کسی بھی طرح کی سوشل میڈیا مداخلت کو روکا جا سکے گا۔ فیس بک کو اس بارے میں شدید دباؤ کا سامنا تھا کہ وہ ایسے فیچرز متعارف کرائے، جن کے ذریعے اس پلیٹ فارم کی مدد سے ڈس انفارمیشن کی کسی بھی مہم کا تدارک کیا جا سکے۔
بیلجیم کے دارالحکومت برسلز سے ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق یہ نئے فیچرز فیس بک کی اس حکمت عملی کا حصہ ہیں، جس کی بنیاد اس بات کو بنایا گیا ہے کہ ایسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے عوام کو سیاسی اور سماجی طور پر زیادہ مضبوط اور بااختیار بنایا جانا چاہیے، نہ کہ مخصوص مفادات کے حامل عناصر کو یہ موقع ملے کہ وہ فیس بک کو ڈس انفارمیشن یا غلط معلومات کے ذریعے اپنے سیاسی اہداف کے ناجائز طریقے سے حصول کے لیے استعمال کریں۔
اس بارے میں برطانیہ کے سابق نائب وزیر اعظم اور فیس بک کے موجودہ نائب صدر نِک کلیگ نے پیر اٹھائیس جنوری کی رات برسلز میں اپنے ایک خطاب میں ان اقدامات کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا، ’’یہ اقدامات فیس بک صارفین کے لیے اس سوشل میڈیا ویب سائٹ کے سافٹ ویئر میں اس سال مارچ کے اواخر سے متعارف کرا دیے جائیں گے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کے ذریعے فیس بک پر سیاسی نوعیت کے تجارتی اشتہارات کو مزید شفاف بنا دیا جائے گا۔‘‘ نِک کلیگ نے کہا کہ آئندہ یورپی پارلیمانی انتخابات کے سلسلے میں فیس بک پر کسی کی طرف سے بھی جو بھی سیاسی اشتہارات دیے جائیں گے، ان پر عام صارفین کی درست رہنمائی کے لیے واضح طور پر لکھا ہو گا کہ ان کے لیے مالی ادائیگیاں کس نے کیں۔
اس کے علاوہ فیس بک انتظامیہ نے یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ آئندہ ایسے سیاسی اشتہارات کسی خاص انتخابی امیدوار یا پارٹی کی حمایت تو نہیں کریں گے لیکن ان میں ایسے سیاسی موضوعات کو واضح ترجیح دی جائے گی، جو عام رائے دہندگان کے لیے بہت زیادہ اہمیت کے حامل ہوں گے، جیسے بے روزگاری یا تارکین وطن کی آمد سے متعلق انتخابی اور سیاسی موضوعات۔
اس بارے میں یورپی یونین کی انصاف اور صارفین کے مفادات سے متعلقہ امور کی نگران خاتون کمشنر ویرا ژُورووا نے کہا ہے کہ فیس بک کی طرف سے یہ نئے اقدامات خوش آئند تو ہیں، جو بہت ضروری بھی تھے، لیکن اس بہت بڑی امریکی ٹیکنالوجی کمپنی کو آئندہ ابھی ایسے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت بھی ہو گی۔
فیس بک نے اب جس طرح کے نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، یہ ان کی عدم موجودگی کی وجہ سے ہی ہوا تھا کہ امریکا میں گزشتہ صدارتی انتخابات میں، جن میں ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو کامیابی ملی تھی، روس پر یہ الزامات لگائے گئے تھے کہ وہ ان امریکی انتخابات میں مداخلت کا مرتکب ہوا تھا۔
م م / ع ا / اے ایف پی