فیفا ورلڈ کپ: روسی معیشت کو چودہ ارب ڈالر سے زائد کا فائدہ
16 اکتوبر 2018خلیجی ریاست قطر میں دوحہ سے منگل سولہ اکتوبر کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق فیفا ورلڈ کپ مقابلوں کی میزبانی کے باعث روسی معیشت میں آنے والی اضافی تیز بازاری کے مالیاتی فوائد سے متعلق یہ اعداد و شمار روسی میں اس ٹورنامنٹ کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ الیکسی سوروکِن نے جاری کیے۔
یہ اعداد و شمار الیکسی سوروکِن کی پیش کردہ اس رپورٹ کا حصہ ہیں، جن میں روس میں فیفا ورلڈ کپ 2018ء کے انعقاد کے اقتصادی، سماجی اور ماحولیاتی اثرات کا جائزہ لیا گیا ہے۔
اگلے فیفا ورلڈ کپ مقابلوں کی میزبانی 2022ء میں خلیج کی عرب ریاست قطر کرے گی۔ قطر ہی میں منعقدہ ایک کانفرنس میں سوروکِن نے یہ بھی کہا کہ روسی معیشت کو فٹبال کی عالمی چیمپئن شپ کے انعقاد سے جو فائدہ ہوا، اس کا حجم خود ماسکو کے لیے بھی بہت خوش آئند لیکن حیران کن ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق 2013ء سے روس میں ان مقابلوں کے انعقاد کی تیاریوں کے آغاز سے لے کر اس سال وہاں اس ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد تک روسی معیشت پر اثرات کی کُل مالیت 952 بلین روبل رہی، جو روس کی مجموعی قومی پیداوار کے 1.1 فیصد کے برابر بنتی ہے۔
بڑی غیر ملکی کرنسیوں میں یہی اقتصادی فائدہ 14.5 بلین ڈالر یا 12.5 بلین یورو بنتا ہے۔ فیفا ورلڈ کپ کے روسی منتظمین کے مطابق انہی پانچ برسوں کے دوران اس عالمی ٹورنامنٹ کی میزبانی روس میں ہر سال روزگار کے قریب تین لاکھ پندرہ ہزار نئے مواقع کی وجہ بھی بنی اور مجموعی طور پر یہ مثبت اقتصادی اثرات اگلے پانچ برسوں تک دیکھنے میں آتے رہیں گے۔
م م / ا ا / اے ایف پی