فیفا ویمن ورلڈ کپ: جاپانی خواتین عالمی چیمپیئن
18 جولائی 2011خواتین فٹ بال عالمی کپ کا فائنل امریکہ اور جاپان کی ٹیموں کے درمیان وقفے تک ایک ایک گول سے برابر تھا۔ میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے رہا۔ دوسرے ہاف کے انہترویں منٹ میں نوجوان امریکی فارورڈکھلاڑی ایلکس مورگن نے جاپانی دفاع کو توڑتے ہوئے گول کر دیا۔ امریکی ٹیم کی برتری کو جاپان کی ایا میاما نے بارہ منٹ کے بعد ختم کر دیا۔ فائنل میچ ایک ایک گول کے ساتھ مقررہ وقت پر ختم ہوا۔
اضافی وقت کے پہلے حصے میں سینئر اور تجربہ کار امریکی فارورڈ کھلاڑی ایبی ومباخ نے گول کر کے اپنی ٹیم کو ایک بار پھر برتری دلا دی۔ اضافی وقت کے پہلے راؤنڈ کے دوران امریکی ٹیم نے اپنی برتری کا کامیاب دفاع کیا۔
اضافی وقت کے دوسرے حصے کے ختم ہونے سے تین منٹ قبل جاپانی خواتین فٹ بال ٹیم کی انتہائی تجربہ کار کھلاڑی ہومیرے ساوا نے میچ کو برابر کر دیا۔ اس طرح اضافی وقت پر ویمن ورلڈ کپ کا فائنل میچ دو دو گول کے ساتھ ساتھ برابری پر ختم ہوا۔ میچ برابر کرنے والے دوسرےگول کے فوری بعد جاپانی کھلاڑی Azusa Iwashimizu کو خطرناک فاؤل کرنے پر ریفری نے سرخ کارڈ دکھا کر میچ سے باہر کر دیا تھا۔ بظاہر یہ جاپانی ٹیم کے لیے سیٹ بیک تھا لیکن اضافی وقت کے بقیہ حصے کے دوران امریکی ٹیم کے حملوں کا جاپانی خواتین کامیابی سے مقابلہ کرنے میں کامیاب رہیں۔
میچ کا فیصلہ پنلٹی ککس پر ہوا۔ امریکی خواتین فٹ بالرز پہلی تین ککس گول میں ڈالنے سے قاصر رہیں۔ ان خواتین فٹ بالرز میں ٹوبین ہیتھ، کارلی لائیڈ اور شینن باکس شامل ہیں۔ اسی پوزیشن پر امریکی ٹیم فائنل میچ یقینی طور پر ہار گئی تھی۔ اس ورلڈ کپ میں امریکی ٹیم کی گول کیپر ہوپ سولو کو بہترین گول کیپر سے تعبیر کیا جا رہا تھا تاہم وہ ٹورنامنٹ کے سب سے بڑے میچ میں شاندار کارکردگی دکھانے سے قاصر رہیں۔ پنلٹی ککس کے دوران بھی وہ ایک گول یقینی طور پر بچا سکتی تھیں لیکن جاپانی خاتون فٹ بالر کی شارٹ ان کے ہاتھوں کو چھوتی ہوئی گول میں داخل ہو گئی۔
جاپان کی ٹیم نے تین پنلٹی ککس گول میں تبدیل کر کے میچ جیت لیا۔ جاپانی خاتون فٹ بالر ہومیرے ساوا کو ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ وہ ویمن ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گول کرنے والی کھلاڑی بھی ہیں۔ ان کے گولوں کی تعداد پانچ ہے۔ جاپان کی خواتین نے پہلی بار ورلڈ کپ جیتنے میں کامیابی حاصل کی۔ امریکی خواتین دو بار عالمی کپ جیتنے کا اعزاز رکھتی ہیں۔
سونامی سے متاثرہ جاپانی قوم تعمیر نو سے گزر رہی ہے اور اس عمل میں ویمن ورلڈ کپ جیتنا پوری قوم کا مورال بلند کرنے میں یقینی طور پر مثبت کردار ادا کرے گا۔
چھٹے ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن سویڈن کی ویمن ٹیم کو حاصل ہوئی تھی۔ تیسری پوزیشن کا میچ ہفتہ کے روز کھیلا گیا تھا، جس میں سویڈن نے فرانس کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا تھا۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: امجد علی