1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قدرتی وسائل کا بے تحاشا استعمال، فوری اقدامات کی ضرورت

2 اگست 2018

اس برس یکم اگست تک بنی نوع انسان نے زمین کی پیداوری سکت سے زیادہ قدرتی وسائل استعمال کر لیے۔ سن 1970 تک انسان سالانہ بنیادوں پر اتنے ہی قدرتی وسائل استعمال کر رہے تھے جتنے کہ کرہ ارض ایک سال میں پیدا کر رہی تھی۔

https://p.dw.com/p/32UZz
Schweiz Marsch gegen Klimawandel in Lugano
تصویر: picture-alliance/dpa/G. Putzu

سائنسدانوں کے مطابق انسانوں نے اگر اسی رفتار سے قدرتی وسائل کا استعمال جاری رکھا تو ’ارتھ اوور شوٹ ڈے‘ ہر برس کم ہوتا جائے گا۔ اگر قدرتی وسائل کو سالانہ بجٹ کی طرح دیکھا جائے تو یوں سمجھیے کہ دنیا میں بسنے والے انسانوں نے یہ بجٹ یکم اگست تک استعمال کر لیا جب کہ ابھی سال کے پانچ ماہ باقی ہیں۔ یوں زمین کے قدرتی وسائل خسارے میں ہیں۔

گلوبل فٹ پرنٹ نیٹ ورک کے مطابق اس وقت انسانی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہمارا سیارہ یعنی زمین ناکافی ہے اور اس وقت انسانوں کو 1.7 سیاروں کی ضرورت ہے۔ یہ نجی تنظیم ہر برس ’ارتھ اوور شوٹ ڈے‘ کا تعین یوں کرتی ہے کہ زمین پر سالانہ بنیادوں پر دستیاب قدرتی وسائل کو استعمال شدہ وسائل سے تقسیم کیا جاتا ہے۔

Infografik Earth Overshoot Day EN

تاہم قدرتی وسائل کے زیادہ استعمال کا الزام ہر ملک پر عائد نہیں جاتا۔ گلوبل فٹ پرنٹ نیٹ ورک کے مطابق امیر ممالک قدرتی وسائل کا استعمال کم آمدنی والے ممالک کی نسبت کہیں زیادہ کر رہے ہیں۔

قطر، جو دنیا کے امیر ترین ممالک میں شمار ہوتا ہے، قدرتی وسائل کے استعمال میں سب سے آگے ہے۔ اگر دنیا کے تمام انسان قطری باشندوں جیسا طرز زندگی اختیار کر لیں تو ہمیں ایک نہیں بلکہ زمین جتنے نو سیاروں کی ضرورت پڑے گی۔ اس کے مقابلے میں اگر دنیا کے تمام انسان پاکستانی شہریوں جیسا طرز زندگی اور ان کی طرح قدرتی وسائل کا استعمال کریں تو بنی نوع انسان کے لیے کرہ زمین کا چالیس فیصد ہی سالانہ ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہو گا۔ جب کہ بھارتی اور نائجیرین باشندوں کی طرح قدرتی وسائل کا استعمال کرنے کی صورت میں ہمارے لیے کرہ ارض کا ساٹھ فیصد کافی ہو گا۔

Infografik How many planets would we need EN

جرمن شہری بھی پائیدار قدرتی وسائل کا ضرورت سے زیادہ استعمال کر رہے ہیں۔ اگر تمام انسان جرمنوں کی طرح قدرتی وسائل استعمال کریں تو ہمیں ایک نہیں بلکہ زمین جیسے تین سیاروں کی ضرورت پڑے گی۔

دنیا بھر میں قدرتی وسائل کے ضرورت سے زیادہ استعمال میں معدنی تیل یا ایندھن کا استعمال سب سے نمایاں (ساٹھ فیصد) ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر عالمی سطح پر کاربن کا استعمال نصف کر دیا جائے تو ’ارتھ اوور شوٹ ڈے‘ میں تین ماہ کا اضافہ ہو جائے گا۔ کاربن کے اخراج میں کمی کرنا زمینی درجہ حرارت کم کرنے کے لیے بھی انتہائی ضروری ہے۔

ش ح/ ع ب (کیتھرینا وَیکر)