1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قرض تلے دبے سوڈان کو جرمن اور فرانسیسی امداد کی پیش کش

18 مئی 2021

سوڈانی صدر عبداللہ حمدوک کے مطابق مشرقی افریقہ کا یہ ملک تقریباً ساٹھ ارب ڈالر کا مقروض ہے۔ فرانس اور جرمنی نے قرض کے بوجھ سے نکلنے میں سوڈان کو مدد کی پیش کش کی ہے۔

https://p.dw.com/p/3tXJy
Frankreich Emmanuel Macron und Abdalla Hamdok
تصویر: Ludovic Marin/AFP

فرانس نے قرض کے بحران سے دوچار سوڈان کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو واجبات کی ادائیگی کے لیے ڈیڑھ ارب ڈالر کا قرض دینے کی پیش کش کی ہے جبکہ جرمنی نے بھی سوڈان کو قرض کے بوجھ سے نکلنے میں مدد کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکروں نے پیر کے روز پیرس میں کئی افریقی رہنماوں کے ساتھ میٹنگ کے بعد اس کا باضابطہ اعلان کیا۔ یہ میٹنگ سوڈان کی عبوری حکومت کو مالی امداد فراہم کرنے کے سلسلے میں منعقد کی گئی تھی۔

میکروں نے کہا”متعدد مشکلات کے باوجود سوڈان میں سابقہ حکومت کے خاتمے کے بعد سے قابل ذکر ترقی ہوئی ہے۔" انہوں نے اس تبدیلی کو ”حوصلہ افزا“ اور ”مثالی“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سوڈان کو اس کے مقاصد کے حصول میں بین الاقوامی برداری کواپنی ”اجتماعی ذمہ داری“ ادا کرنی چاہیے۔

میکروں نے سوڈان پر فرانس کا پانچ ارب ڈالر کا قرض معاف کرنے کا بھی اعلان کیا۔

اس موقع پر موجود فرانسیسی وزیر خزانہ برونو لی میری نے کہا”یہ تعاون سوڈان کے ساتھ ہماری شراکت داری اور اس پر ہمارے اعتماد کا مظہر ہے۔"

فرانسیسی صدر نے کہا ”ہم سوڈان پر واجب الادا تمام قرض معاف کرنے کے حق میں ہیں اور چاہتے ہیں کہ دیگر ممالک بھی ایسا ہی کریں کیونکہ یہ سوڈان کو قرض کے بوجھ سے نجات دلانے کے لیے ضروری ہے۔"

میٹنگ میں امریکا اور برطانیہ بھی موجود تھے۔ انہوں نے بھی سوڈان کو آئی ایم ایف کے قرض کے بوجھ سے نجات دلانے میں مدد کرنے سے اتفاق کیا۔

New York | UN-Sicherheitsrat zu Krieg in Syrien | Heiko Mass, deutscher Außenminister
جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے سوڈان کو قرض کے بوجھ سے راحت دلانے کا اعلان کیاتصویر: Getty Images/AFP/T.A. Clary

جرمنی کی جانب سے مدد کا اعلان

پیرس کی اس میٹنگ میں موجود جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے بھی سوڈان کو قرض کے بوجھ سے راحت دلانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ برلن نے سوڈان کو آئی ایم ایف کا قرض ادا کرنے کے لیے ایک سو دس ملین ڈالر دینے کا عہد کیا ہے۔ جرمنی نے باہمی قرض میں راحت دینے کے لیے 390 ملین یورو کی مزید پیش کش کی ہے۔

فرانسیسی دارالحکومت کے لیے روانہ ہونے سے قبل ماس نے کہا تھا کہ گزشہ برس جون میں برلن میں منعقد سوڈان کانفرنس میں شرکاء نے اس مشرقی افریقی ملک کو مجموعی طورپر 1.8ارب ڈالر کی مدد دینے کا وعدہ کیا تھا۔  ہائیکو ماس نے مزید کہا کہ جرمنی سوڈان کو قرض سے راحت دلانے کے لیے ”مکمل طور پر مدد کرنے‘‘ کے لیے تیارہے۔

عمر البشیر کے بعد سوڈان کی صورت حال

سوڈان میں تقریباً تین عشروں تک سابق صدر عمر البشیر کی حکومت رہی۔ سن 2019 میں عوامی انقلاب اور ایک فوجی بغاوت کے نتیجے میں انہیں اقتدار سے بے دخل کر دیا گیا تھا۔ اس کے بعد سے ان کے خلاف بدعنوانی اور دیگر معاملات کے تحت مقدمات چلائے جا رہے ہیں۔

Sudan Khartum | Prozess & Urteil Omar al-Baschir, ehemaliger Präsident
سابق صدر عمر البشیر تصویر: picture-alliance/Anadolu Agency/M. Hajaj

عمر البشیر کا تختہ پلٹنے کے بعد وہاں سویلین اور فوج پر مشتمل ایک عبوری حکومت قائم ہے جس کا دنیا کے بیشتر ملکوں نے خیر مقدم کیا ہے۔

فرانسیسی وزیر خارجہ لی میری نے کہا کہ یہ میٹنگ مشرقی افریقی ملک کو دوبارہ ساتھ لانے کا ایک اہم موقع ہے جو گزشتہ تیس برسوں تک بڑی حد تک الگ تھلگ پڑ گیا تھا۔

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس کا کہنا تھا کہ سوڈان کے پرامن انقلاب کی کامیابی سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔ گوکہ سیاسی اور اقتصادی اصلاحات کا عمل کافی مشکل ہے لیکن یہ سوڈان کے عوام کے لیے زیادہ امن، اقتصادی خوشحالی اور آزادی کا تاریخی موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ اور جرمنی ابتدا سے ہی سوڈانی عوام کے ساتھ ہے۔

ساٹھ ارب ڈالر کا مقروض

سوڈان کے صدر عبداللہ حمدوک نے بتایا کہ ملک پر تقریباً 60 ارب ڈالر کا قرض ہے اور کورونا وائرس کی وبا سے اس کا معاشی بحران مزید سنگین ہو گیا ہے۔

اس سال کے اوائل میں سوڈان نے امریکا کی مدد سے عالمی بینک کو واجب الادا اپنے قرض کا معاملہ طے کیا تھا۔

 ج ا/ ص ز (اے پی، اے ایف پی، ڈی پی اے، روئٹرز)

جب پاپائے روم نے سوڈانی رہنماؤں کے پاؤں چومے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں