1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لٹل ماسٹر ٹنڈولکر کی51 ویں سینچری

5 جنوری 2011

بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر کا سینچریوں کا ریکارڈ ہر ٹیسٹ میچ کے بعد مزید مستحکم ہوتا جا رہا ہے۔ ان کے ریکارڈ تک رسائی ناممکن دکھائی دیتی ہے۔

https://p.dw.com/p/ztg4
سچن ٹنڈولکرتصویر: AP

جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان تیسرے ٹیسٹ میچ کا نتیجہ کچھ بھی نکلے لیکن یہ میچ مایہ ناز بلے باز ٹنڈولکر کی ایک اور سینچری کے ساتھ یادگار بن گیا ہے۔ پچاسویں سینچری کی طرح تازہ سینچری بھی انہوں نے مشکل حالات میں بنائی اور اسی باعث ان کی ٹیم کو دو رنز کی سبقت بھی حاصل ہو گئی ہے۔

سچن رمیش ٹنڈولکر کا ٹیسٹ کرکٹ میں مجموعی اسکور چودہ ہزار 678 ہو گیا ہے۔ اس میں اکاون سینچریاں شامل ہیں۔ ایک روزہ میچوں میں ان کا کل اسکور سترہ ہزار 598 ہے۔ محدود اوورز کے میچوں میں ان کی سینچریوں کی تعداد چھیالیس ہے۔ اتنی کرکٹ کھیلنے کے بعد بھی ان کی فارم ابھی تک شاندار ہے۔ ورلڈ کپ کے دوران اگر وہ مزید چار یا تین بھی سینچریاں بنانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو بین الاقوامی کرکٹ میں ان کی سینچریوں کی سینچری مکمل ہو جائے گی۔

Indien Cricket Sachin Tendulkar
ٹنڈولکر ایک روزہ میچ میں سینچری بنانے کے بعد: فائل فوٹوتصویر: AP

ٹیسٹ کرکٹ میں ٹنڈولکر کی فی اننگ اوسط 56 فیصد سے زائد ہے اور محدود اوورز میں فی اننگ اوسط پینتالیس فیصد سے اوپر ہے۔ ان کے اسکور کی بنیاد پر ہی ان کو عصر حاضر کے تمام مبصرین آسٹریلوی بیٹسمین ڈان بریڈمین سے بہتر محسوس کرتے ہیں۔ ان کے ناقدین کا خیال تھا کہ ٹنڈولکر مشکل حالات میں اسکور کرنے سے قاصر رہتے ہیں لیکن جنوبی افریقہ میں جاری سیریز میں ان کی دونوں سینچریاں اس تنقید کا واضح جواب ہے۔

ٹنڈولکر کے بعد دوسرے مقام پر سینچریوں کے اعتبار سے آسٹریلیا کے رکی پونٹننگ اور جنوبی افریقہ کے ژاک کالیس ہیں۔ ان دونوں بلے بازوں نے انتالیس انتالیس سینچریاں بنا رکھی ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں