1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’لگتا ہے مجھے ہی کرکٹ سیکھنا پڑے گی‘

شمشیر حیدر
27 ستمبر 2018

پاکستانی کرکٹ ٹیم ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست کھانے کے بعد فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

https://p.dw.com/p/35YXc
Bangladesch Dhaka Cricket Bangladesch - Pakistan
تصویر: Getty Images/AFP/M. Uz Zaman

پاکستانی کرکٹ ٹیم ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست کھانے کے بعد فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ گزشتہ شب کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو سینتیس رنز سے شکست دی۔

پاکستان کی قومی ٹیم ایشیا کپ کے آخری میچ میں بھی بوکھلاہٹ کا شکار دکھائی دی۔ سپر فور مرحلے میں کھیلے گئے پہلے میچ میں افغان کرکٹ ٹیم کو بمشکل شکست دینے کے بعد اس مرحلے کے دوسرے میچ میں بھارتی ٹیم نے پاکستان کو باآسانی نو وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔

عدیل ہاشمی نامی ایک ٹوئیٹر صارف نے اس شکست کے بارے میں لکھا، ’’بنگلہ دیشی ٹیم نے پاکستان کو مسلسل چوتھے ون ڈے میچ میں شکست دی، لگتا ہے مجھے ہی کرکٹ سیکھنی پڑے گی۔‘‘

ٹورنامنٹ میں ٹیم کی خراب کارکردگی کے حوالے سے جویریہ صدیق نامی ایک صارفہ نے لکھا، ’’کرکٹ ٹیم نے قسم کھا لی ہے یہ ہمیں رلائیں گے۔‘‘

 

چھبیس ستمبر کے روز کھیلے گئے سپر فور مرحلے کا تیسرا اور آخری میچ پاکستان اور بنگلہ دیش کے لیے سیمی فائنل کی حیثیت اختیار کر گیا تھا۔

بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کو 240 رنز کا بظاہر آسان ہدف دیا۔ تاہم اس ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم مقررہ پچاس اووروں میں محض 202 رنز ہی بنا پائی۔ یوں سینتیس رنز سے شکست کھانے کے بعد ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم کا سفر ختم ہوا۔

اس سے قبل بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستان کی جانب سے جنید خان اور شاہین شاہ آفریدی نے گیند بازی شروع کی۔ وکٹ کے دونوں جانب سے بائیں بازو سے گیند کرانے والے ان دونوں پاکستانی کھلاڑیوں نے بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو پریشان کیے رکھا۔

جنید خان نے سومیا سرکار اور لٹن داس کو آؤٹ کیا جب کہ شاہین شاہ آفریدی نے مومن الحق کو بولڈ کیا۔ پہلے پانچ اوور میں بنگلہ دیش کا اسکور محض بارہ رنز تھا جب کہ اس کے تین کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

اماراتی سر زمین پر بارہ برس بعد پاک بھارت کرکٹ میچ

اس کے بعد مشفق الرحیم اور محمد متھون کے مابین شراکت داری کا آغاز ہوا۔ فاسٹ بالر ہٹا دیے گئے اور دونوں بنگلہ دیشی کھلاڑیوں نے پاکستانی اسپنرز کو بغیر کسی دباؤ کے کھیلتے ہوئے اسکور ڈیڑھ سو سے زائد کر دیا۔ میتھون ساٹھ رنز بنا کر حسن علی کا شکار بنے تو بنگلہ دیشی ٹیم کا مجموعی اسکور 157 تھا۔ مشفق الرحیم ایک رن کے فرق سے سینچری نہ بنا پائے۔

اننگز کے آخر میں پاکستانی بالنگ اٹیک دوبارہ کارگر ثابت ہوا اور بنگلہ دیش کی ٹیم انچاسویں اوور میں 239 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں