مافیا ’گناہوں کی انجمن‘ ہے، پوپ فرانسس
22 مارچ 2021رومن کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے اتوار کے روز منظم جرائم کے نیٹ ورک اور بالخصوص کورونا وائرس کی وبا کو اپنی مجرمانہ سرگرمیوں میں توسیع کے لیے استعمال کرنے والوں کی مذمت کی۔ انہوں نے دنیا بھر میں پینے کے صاف پانی تک لوگوں کی رسائی کو بہتر بنانے کی بھی اپیل کی۔
پوپ نے کیا کہا؟
اپنے ہفتہ وار خطاب کے دوران پوپ فرانسس نے دنیا بھر کے لوگوں سے منظم جرائم کے خلاف متحد ہوجانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا، ’’مافیا دنیا کے مختلف حصوں میں موجود ہے اور وبا کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کررہے ہیں۔ وہ بدعنوانی کے ذریعہ اپنی جھولیاں بھر رہے ہیں۔“
گزشتہ اتوار کو اٹلی میں مافیا کے متاثرین کو یاد کرنے کا دن بھی منایا گیا۔
کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا کا کہنا تھا، ”یہ نیٹ ورک، مافیا کے ڈھانچے،گناہوں کی انجمن ہیں۔ یہ انجیل کی تعلیمات کے منافی ہیں۔آج ہم ان متاثرین کو یاد کررہے ہیں اور مافیا کے خلاف اپنے وعدوں کا اعادہ کرتے ہیں۔“
پانی تک رسائی
پوپ فرانسس نے ایک علیحدہ بیان میں دنیا بھر میں لوگوں کو پینے کے پانی کی بہتر فراہمی کی اپیل کی۔انہوں نے اس بات پر نکتہ چینی کی کہ آج لوگوں کو پینے کا پانی مفت دستیاب کرانے کے بجائے اکثر بوتل میں فروخت کیا جارہا ہے۔
پوپ فرانسس کا کہنا تھا، ”بیشتر لوگوں کو بہت تھوڑا پانی ہی مل پاتا ہے اور وہ بھی عموماً آلودہ۔“ انہوں نے مزید کہا، ”پینے کے پانی سے پیسہ کمانا اچھی بات نہیں ہے۔ یہ تو زندگی اور صحت کا سرچشمہ ہے۔"
عالمی ادارہ صحت کے اندازے کے مطابق دنیا میں تقریباً دو ارب افراد پینے کے پانی کے لیے ایسے ذرائع پر منحصر کرتے ہیں جو آلودہ ہوتے ہیں۔
جرائم پیشہ گروہ وبا سے منافع حاصل کررہے ہیں
انٹرپول نے دسمبر میں متنبہ کیا تھا کہ جرائم پیشہ نیٹ ورک اب کورونا وائرس ویکسین کو نشانہ بنارہے ہیں۔
مارچ کے اوائل میں جنوبی افریقہ کی پولیس نے سینکڑوں نقلی ویکسین ضبط کی تھیں اور چار افراد کو گرفتار بھی کیا تھا۔
جمعرات کو بھی اسی طرح کی نقلی ویکسین میکسیکو میں ضبط کی گئی۔ حکام نے روسی ویکسین کی ہزاروں خوراکیں بھی ضبط کیں۔ روسی حکام نے بعد میں انہیں نقلی قرار دیا۔
اٹلی میں حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ گروہ کورونا وائرس کی وباسے پیداشدہ مشکلات سے پریشان حال کم آمدنی والے کنبوں کا استحصال کررہے ہیں۔ بعض ایسے جرائم پیشہ گروہ اپنے دائرہ اثر کو بڑھانے کے لیے مالی لحاظ سے پریشان حال لوگوں کو کھانے اور قرضوں کی پیش کش بھی کرتے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ان جرائم پیشہ گروہ کے لیے کام کرنے والے سود خور کورونا وبا اور لاک ڈاؤن کی سختیوں سے مشکلات سے دوچار تاجروں اور عام لوگوں سے مالی قرضو ں کے بدلے میں کافی زیادہ شرح سود کا مطالبہ کرتے ہیں۔
ج ا/ (اے ایف پی، روئٹرز، اے پی)