متاثرین سیلاب کیلئے ،امدادی رقوم کی تقسیم شروع
20 ستمبر 2010متاثرین سیلاب کیلئے بنائے گئے ان خصوصی کارڈز کے ذریعے سیلاب سے متاثرہ لوگ ایک لاکھ روپے بنکوں سے حاصل کر سکیں گے۔ پنجاب کے گورنر سلمان تاثیر نے مظفر گڑھ کے نواحی علاقے روھیلا نوالی میں وطن کارڈز کی تقسیم کیلئے بنائے جانے والے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے مقامی دفتر کا افتتاح کرنے کے بعد ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ وطن کارڈز کے ذریعے دو لاکھ سے زائد متاثرہ خاندانوں کو ایک لاکھ روپے فی خاندان ادا کئے جائیں گے۔
ابتدائی طور پر ان کارڈز کے ذریعے ہر متاثرہ خاندان کو بیس ہزار روپے دئے جا رہے ہیں۔ گورنر پنجاب کے مطابق متاثرین کو مالی امداد کی فراہمی سے متاثرہ علاقوں میں اقتصادی خوشحالی آئے گی۔
سیلاب سے متاثرہ رحمت نامی ایک شخص کا کہنا تھا کہ اسے ابھی تک یقین نہیں آ رہا ہے کہ اسے جلد ایک لاکھ روپے ملنے والے ہیں۔ نادرا کے چیف آپریٹنگ آفیسر برگیڈئیرزاہد نے بتایا کہ نادرا نے امدادی رقوم کی شفاف طریقے سے ادائیگی کیلئے جنوبی پنجاب میں اٹھارہ مراکز قائم کر دئے ہیں۔ ان کے مطابق نادرا پہلے بھی اربوں روپے سوات کے متاثرین میں کامیابی سے تقسیم کر چکا ہے۔
اگرچہ بیشترمتاثرین امدادی رقوم کی تقسیم کے حوالے سے مطمئن دکھائی دے رہے تھے۔ لیکن روھیلا نوالی کے رانا محمد عارف نامی ایک شخص نے بتایا کہ محکمہ مال کا عملہ امدادی کاغذات کی تیاری کیلئے رشوت مانگتا ہے۔ ادھر پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما ارشاد احمد سیال کا کہنا ہے کہ محکمہ مال کا عملہ پنجاب حکومت کے ما تحت ہے اور اس پر نظر رکھنا پنجاب حکومت کا فرض ہے۔
پنجاب حکومت کے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کے مطابق اب تک ڈیڑھ ہزار سے زائد وطن کارڈز تقسیم کئے جا چکے ہیں اور امید کی جا رہی ہے کہ یہ عمل اگلے چار ہفتوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔
رپورٹ :تنویر شہزاد
ادارت : عدنان اسحاق