1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہمتحدہ عرب امارات

ابوظہبی کے حکمران کی وفات،عالمی رہنماؤں کے تعزیتی پیغامات

14 مئی 2022

متحدہ عرب امارات کی جانب سے جمعے کے روز صدر شیخ بن زید النہیان کی وفات کی خبر کے اعلان کے بعد سے دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ انہیں جمعے کو ابو ظہبی کے البطین قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

https://p.dw.com/p/4BIvY
London | Chalifa bin Zayid Al Nahyan ist tot
تصویر: Oli Scarff/Getty Images

متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ خلیفہ بن زید النہیان کا انتقال 13 مئی بروز جمعہ ہوا جس کی تصدیق صدارتی امور کی وزارت نے کی۔ دریں اثناء ان کی آخری رسومات بھی ادا کر دی گئیں۔

تہتر سالہ شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی وفات کی خبر عام ہوتے ہی دنیا بھر سے، بالخصوص اسلامی ریاستوں کے حکمرانوں اور عوام کی طرف سے تعزیتی پیغام کا سلسلہ جاری ہے۔

امریکا

امریکی صدر جو بائیڈن نے شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی رحلت کی خبر پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا،'' شیخ خلیفہ بن زید النہیان امریکہ کے ایک سچے ساتھی اور دوست تھے، امریکہ ان کی یاد اور تعظیم کے اظہار کے طور پر متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط تر بنانے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔‘‘

روس

اُدھر امریکا کے دیرینہ حریف ملک روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے بھی مرحوم شیخ خلیفہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا،'' شیخ خلیفہ نے دوستانہ تعلقات اور مثبت تعاون کے فروغ کے لیے  بہت خدمات ادا کیں۔‘‘ پوٹن نے مزید کہا کہ شیخ خلیفہ کو اُن کے دور میں متحدہ عرب امارات کی نمایاں اور قابل ذکر ترقی کے ضمن میں ہمیشہ یاد کیا جاتا رہے گا۔

یورپی یونین

یورپی کونسل کے صدر شارل مشیل نے شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی وفات پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا،'' انتہائی افسوس کیساتھ انہیں شیخ خلیفہ کے انتقال کی خبر ملی، یورپی یونین ان کی میراث اور ان کی قیادت کا احترام کرتی ہے، متحدہ عرب امارات کی پائیدار ترقی اور اقتصادی تنوع میں ان ہی کی قائدانہ صلاحیتوں کا ہاتھ ہے جس نے متحدہ عرب امارات کو ترقی اور استحکام کا مظہر بنا دیا۔‘‘

Emirates Präsident Nachruf | Sheikh Khalifa bin Zayed Al Nahyan
دبئی میں شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی غائبانہ نماز جنازہ تصویر: Kamran Jebreili/AP Photo/picture alliance

برطانیہ

ولی عہد شہزادے کے نام برطانوی ملکہ الزبتھ دوم نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا، ''آپ کے معزز بھائی نے اپنی زندگی متحدہ عرب امارات کے عوام کی خدمت اور اس کے اتحادیوں اور دوستوں کے ساتھ اپنے تعلقات کے لیے وقف کی، انہیں وہ تمام لوگ یاد رکھیں گے جن کے لیے انہوں نے اپنی خدمات انجام دیں اور وہ لوگ جو علاقائی استحکام، قوموں اور عقائد کے درمیان افہام و تفہیم، اور تحفظ کے مقصد کے لیے کام کرتے رہے ہیں، ہمیشہ انہیں یاد رکھا جائے گا۔‘‘ 

فرانس

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں  نے اپنے بیان میں کہا،''میرے خیالات و احساسات ان کے بھائی ولی عہد شہزادہ محمد بن زید، ان کے پورے خاندان اور تمام اماراتی عوام کے لیے ہیں۔‘‘ ۔

بھارت

بھارتی  وزیر اعظم نریندر مودی نے شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی موت کی خبر موصول ہونے پر  اپنے ٹویٹ پیغام میں تحریر کیا کہ وہ ''انتہائی غمزدہ‘‘ ہیں اور کہا کہ شیخ خلیفہ عظیم سیاستدان اور بصیرت والے رہنما تھے جن کی بدولت بھارت اور متحدہ عرب امارات  کے تعلقات کو بہت فروغ حاصل ہوا۔

مصر

 مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے بارے میں کہا،''وہ ہر طرح کے حالات میں ایک وفادار دوست رہے ہیں۔‘‘

سعودی عرب

 سعودی عرب کی طرف سے تعزیتی پیغام میں کہا گیا کہ،'' متحدہ عرب امارات کے صدر کی موت پر سعودی مملکت متحدہ عرب امارات کے لوگوں کے دکھ میں شریک ہے۔‘‘ 

قطر

قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا کہنا تھا،'' میں متحدہ عرب امارات کے عوام کو  گہری تعزیت اور ہمدردی پیش کرتا ہوں۔‘‘

پاکستان

پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے نے کہا،'' شیخ خلیفہ کے انتقال کی خبر سن کر مجھے بہت شدید دکھ ہوا۔‘‘

متحدہ عرب امارات میں تمام سرکاری اور نجی شعبوں کے ادارے تین دن کے لیے بند رہیں گےاور ملک بھر میں 40 روز کے سوگ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ شیخ خلیفہ کی موت کے فوراً بعد بحرین کے بادشاہ، مصر کے صدر اور عراق کے وزیر اعظم سمیت عرب رہنماؤں کی طرف سے تعزیت کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔

ک م/ ع ح) اے ایف پی(