1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مشائیل بالاک پر الزامات اور افواہوں کے سائے

16 اگست 2010

سٹار جرمن فٹ بالر مشائیل بالاک زخمی ہونے کی وجہ سے نہ صرف تین ماہ تک فٹ بال کے میدان سے دور رہے بلکہ ورلڈ کپ جیسے ٹورنامنٹ میں کپتانی سے بھی محروم رہے۔ تاہم زخمی ہونے کا یہ وقفہ بالاک کو ابھی اور بھی مہنگا پڑ سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/Oonw
سٹار جرمن فٹ بالر مشائیل بالاکتصویر: picture-alliance/dpa

33 سالہ مشائیل بالاک ٹخنے کی چوٹ کے باعث تین ماہ تک کھیل سے دور رہنے کے بعد اتوار پندرہ اگست کو ایک بار پھر کھیل کے میدان میں اُترے۔ اُنہوں نے اپنے کلب بائر لیور کوزن کی جانب سے تیسری ڈویژن کی ٹیم ویزباڈن کے خلاف ایک دوستانہ میچ میں حصہ لیا۔ اُن کی ٹیم چار صفر سے یہ میچ جیت گئی، جن میں سے ایک گول خود بالاک نے کیا۔

توقع کی جا رہی ہے کہ بالاک جمعرات اُنیس اگست کو بائر لیورکوزن اور یوکرائن کے کلب ٹاوریہ سمفیروپول کے درمیان چیمپیئنز لیگ کے سلسلے کے ایک میچ میں باقاعدہ طور پر میدان میں اُتریں گے۔

Joachim Löw und Michael Ballack
بالاک ٹیم کوچ یوآخم لوئیو کے ساتھ۔ لوئیو کو یقین ہے کہ مشائیل بالاک پھر سے پوری طرح فٹ ہو کر کھیلنا شروع کر دیں گےتصویر: AP

گزشتہ سیزن میں بالاک انگلش کلب چیلسی کی جانب سے کھیلے اور یہ کلب انگلش پریمیئر لیگ جیتنے میں کامیاب رہا لیکن زخمی ہونے کے بعد بالاک نے نہ صرف چیلسی کلب کو الوداع کہہ دیا بلکہ ابھی تک جرمن قومی ٹیم میں اُن کی کپتانی پر بھی ایک سوالیہ نشان لگا ہوا ہے۔

بالاک کی غیر حاضری میں جنوبی افریقہ میں فلیپ لاہم نے جرمن ٹیم کی قیادت کی اور مؤثر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو تیسری پوزیشن دلوائی۔ کپتانی کے سوال سے ہَٹ کر جرمن قومی ٹیم کے پچاس سالہ کوچ یوآخم لوئیو نے قومی ٹیم میں بالاک کے کیریئر کے بارے میں انتہائی مثبت خیالات کا اظہار کیا ہے۔

لوئیو نے کہا: ’’اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ اپنے زخمی ہونے تک بالاک نے قومی ٹیم میں بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اُس نے کبھی کھیل میں خلل یا رکاوٹ نہیں ڈالی اور اکثر اوقات بہت ہی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔‘‘ ٹیم کوچ کو اُمید ہے کہ کھیل کے میدان میں واپسی کے بعد رفتہ رفتہ بالاک پھر سے جسمانی طور پر پوری طرح سے فِٹ ہو کر اچھی کارکردگی دکھانے لگیں گے۔ جرمن قومی ٹیم کا اگلا بین الاقوامی میچ یورپی چیمپیئن شپ کے لئے ہونے والا ایک کوالیفائنگ میچ ہے، جو یہ ٹیم تین ستمبر کو بیلجیئم میں کھیلے گی۔ ابھی یہ طے نہیں ہے کہ اُس میچ میں ٹیم کا کپتان کون ہو گا۔ ٹیم کوچ لوئیو کے مطابق وہ اس معاملے میں کسی دباؤ کا شکار نہیں ہوں گے اور خوب سوچ سمجھ کر کوئی فیصلہ کریں گے۔

Deutschland Fußball Bayern München Christian Lell
اپنے ’ذاتی مسائل‘ کے لئے مشائیل بالاک کو بھی قصور وار ٹھہرانے والے جرمن فٹ بال کھلاڑی کرسٹیان لَیلتصویر: AP

اتوار پندرہ اگست کو ایک جرمن اقتصادی جریدے نے بتایا کہ مصنوعات کی تشہیر کے حوالے سے بالاک اپنی اب تک کی سب سے کامیاب جرمن فٹ بالر کی حیثیت سے محروم ہو چکے ہیں۔ اب وہ صرف گیارہویں ایسے کھلاڑی ہیں، جسے مختلف ادارے اپنی مصنوعات کے اشتہاروں میں دکھانا پسند کرتے ہیں۔

یہی نہیں، اُن پر ایک ساتھی جرمن فٹ بالر کرسٹیان لَیل کی طرف سے لگائے جانے والے پُر اسرار الزامات کے سائے بھی منڈلا رہے ہیں۔ لَیل کا کہنا ہے کہ اُس کی خراب کارکردگی کی وجہ اُس کے ذاتی مسائل ہیں، جن کا تعلق مشائیل بالاک سے بھی ہے۔ ایسے الزامات عائد کرتے ہوئے لَیل بار بار اپنی حاملہ گرل فرینڈ ڈانیئیلا کا بھی تذکرہ کرتے ہیں۔ اِس سے زیادہ وضاحت نہ کرسٹیان لَیل نے کی ہے اور نہ ہی ابھی تک بالاک نے لَیل کے بیانات پر کوئی ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ہونے کو تو ہو سکتا ہے کہ قومی ٹیم کی کپتانی کا فیصلہ بالآخر بالاک کے حق ہی میں ہو جائے لیکن ابھی اِس سٹار کھلاڑی کے ستارے گردش میں دکھائی دیتے ہیں۔

اِسی دوران جمعہ بیس اگست سے جرمن قومی فٹ بال لیگ بُنڈیس لیگا کا نیا سیزن شروع ہو رہا ہے۔ پہلا میچ گزشتہ سیزن کی قومی چیمپیئن ٹیم بائرن میونخ اور وولفس بُرگ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں