مصباح الحق کو پاکستانی کرکٹ کا ’آرمی چیف‘ بنا دیا گیا؟
4 ستمبر 2019پاکستان کے سابق ٹیسٹ کپتان اور مایہ ناز بلے باز مصباح الحق کو دو اہم ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ وہ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ہوں گے اور ساتھ ہی چیف سلیکٹر بھی۔ بدھ کے دن ایک نیوز کانفرنس میں پاکستانی کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کا پرانا ماڈل ختم کر دیا گیا ہے اور اب ٹیم کے چھ کوچ مل کر ٹیم سلیکٹ کریں گے اور مصباح الحق ان کی سربراہی کریں گے۔
پاکستانی کرکٹ میں اس پیشرفت پر جہاں کچھ حلقوں نے اسے اچھا قدم قرار دیا ہے، وہیں کچھ لوگ اس پر تنقید بھی کر رہے ہیں۔ بالخصوص شول میڈیا پر جاری بحث میں مشہور کرکٹ کامنٹیکٹر اور تجزیہ نگار ہارشا بھوگلے نے ٹوئٹ کیا کہ وہ اس نظام کے حامی نہیں، جہاں قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ ہی چیف سلیکٹر ہو۔ انہوں نے اپنے تجربات کے حوالے سے کہا کہ اس صورت میں کھلاڑی کوچ کے ساتھ پرخلوص نہیں ہوگا۔
ٹوئٹر صارف عدنان کرسٹوفر نے سوال اٹھایا کہ اگر کوئی کھلاڑی ہیڈ کوچ سے اختلاف رکھتا ہے تو کیا ہیڈ کوچ اسے ڈراپ کر دے گا؟
اسی طرح ایک اور ٹوئٹر صارف مبشر نے طنزیہ انداز اختیار کرتے ہوئے لکھا کہ مصباح الحق کو پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کا آرمی چیف بنا دیا گیا ہے۔
کرکٹ ناقد ماریہ شمیم نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنے پیغام میں لکھا کہ جہاں ایک طرف دنیا جارحانہ کرکٹ کی طرف جا رہی ہے، وہاں پاکستان میں مصباح الحق کو ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر بنا دیا گیا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ مصباح الحق دفاعی حکمت عملی کی وجہ سے مشہور ہیں۔
مصباح الحق نے ان عہدوں پر فائز ہونے کے بعد کہا ہے کہ ٹیم اپنی حکمت عملی وسائل کو دیکھتے ہوئے بناتی ہے اور وہ کوشش کریں گے کہ ایسے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے، جو جارحانہ انداز میں کھیلتے ہیں اور دوسری ٹیموں کو واضح انداز میں شکست دینے کی مہارت رکھتے ہیں۔ مصباح الحق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ کامیاب کپتان رہے ہیں۔
پاکستانی عوام میں یہ خوشی پائی جا رہی ہے کہ مصباح الحق ایک مرتبہ پھر قومی کرکٹ ٹیم کو بلندیوں کی انتہاؤں پر پہنچا دیں گے۔ مصباح الحق ہی کی کپتانی میں پاکستان نے ٹیسٹ کرکٹ کی رینکنگ میں کچھ مدت کی خاطر پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ وہ پاکستانی ٹیم کی کوچنگ اور سلیکشن کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ لیکن اب دیکھنا ہے کہ آیا وہ اس بڑے مقصد میں کامیاب ہو سکیں گے؟