ملالہ ایک ایسی طاقت جس کا انکار ممکن نہیں، پریانکا چوپڑا
21 ستمبر 2017بین الاقوامی طور پر دیگر قد آور شخصیات کے علاوہ عالمی شہرت یافتہ بھارتی اداکارہ پر یا نکا چوپڑا نے بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملالہ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد نامور اداکارہ نے ملالہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لکھا،’’ میں ملالہ کی ذہانت، ان کی حسِ مزاح اور قابلیت پر ایک کتاب تحریر کر سکتی ہوں۔‘‘
بھارتی اداکارہ نے لکھا،’’ ملالہ تم ایک ایسی قوت ہو جس سے کوئی انکار نہیں کرسکتا۔ دنیا جانتی ہے کہ تم ان لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے ایک مشعل راہ ہو جو دنیا کو ایک بہتر جگہ بنانا چاہتے ہیں۔ تم ایک کم عمر لڑکی ہو جس کے بہت سے خواب ہیں لیکن تم نے بہت چھوٹی عمر میں بہت بڑی ذمہ داری لے لی ہے۔ ‘‘
پریانکا نے لکھا کہ ملالہ کے والد ضیاء الدین یوسف زئی نے انہیں اپنے والد کی یاد دلا دی۔ بالی وُڈ اور ہالی وُڈ میں بھی اپنی شناخت بنانے والی پریانکا کی ملالہ کے بارے میں انسٹاگرام پوسٹ پر کئی افراد نے اپنے تبصرے لکھے۔
نوبل انعام یافتہ ملالہ نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ انہیں یقین ہی نہیں آرہا کہ وہ پر یانکا چوپڑا سے ملی ہیں۔ ملالہ کی اس ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے ٹوئٹر کے صارف بی این شرما نے لکھا،’’ مجھے ان دونوں خواتین پر فخر ہے یہ دونوں اپنے اپنے شعبوں میں بھی اور انسانیت کی خدمت کے لیے بھی بہت زیادہ کام کر رہی ہیں۔‘‘ ملالہ سے محبت کرنے والوں نے اس نوجوان لڑکی کی ٹوئٹ پر لکھا کہ وہ دعا گو ہیں کہ ملالہ کی ہمت یونہی بڑھتی رہے۔
ملالہ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پاکستانی وزیر اعظم کے ساتھ بھی اپنی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ان دونوں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ پاکستان کا روشن مستقبل تعلیم سے ہی ممکن ہے۔