1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

منحرف ایرانی اولمپک میڈلسٹ، جرمنی کی نمائندگی کی خواہاں

19 جنوری 2020

اولمپک میڈل حاصل کرنے والی واحد ایرانی خاتون کھلاڑی کیمیا علی زادہ نے کہا ہے کہ وہ رواں برس ٹوکیو میں ہونے والے اولمپک مقابلوں میں جرمنی کی نمائندگی کرنا چاہتی ہیں۔

https://p.dw.com/p/3WRMt
Kimia Alizadeh
تصویر: CC BY 4.0

ایک جرمن اخبار 'بِلڈ ام زونٹاگ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیمیا علی زادہ نے کہا، ''مجھے خوشی ہو گی اگر میں وہاں جرمنی کی طرف سے مقابلے میں حصہ لوں۔ میں یہاں مسائل سے آزاد پرسکون زندگی گزارنا چاہتی ہوں۔‘‘

جرمن اخبار کے مطابق 21 سالہ علی زادہ اس وقت جرمنی کے شمالی شہر ہیمبرگ میں موجود ہیں اور وہ وہاں حکام کے ساتھ رابطوں میں ہیں۔ انہوں نے 2016ء میں ریو ڈی جنیرو میں ہونے والے اولمپکس میں تائی کوانڈو مقابلوں میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ وہ پہلی ایسی ایرانی خاتون ہیں جنہوں نے اولمپک مقابلوں میں کوئی میڈل جیتا تھا۔

بلڈ ام زونٹاگ کے مطابق علی زادہ کو کینیڈا، بیلجیم، بلغاریہ اور ہالینڈ کی طرف سے بھی نمائندگی کے لیے پیشکش مل چکی ہیں۔ تاہم یہ بات ابھی تک واضح نہیں کہ اولمپک کے سخت قوانین کے سبب علی زادہ اپنے کسی نئے ملک کی نمائندگی کر سکتی ہیں یا نہیں۔

Kimia Alizadeh | 2016 Rio Olympics - Taekwondo
علی زادہ نے 2016ء میں ریو ڈی جنیرو میں ہونے والے اولمپکس میں تائی کوانڈو مقابلوں میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔تصویر: picture-alliance/dpa/AP Photo/A. Medichini

کیمیا علی زادہ گزشتہ ہفتے ایران سے ہالینڈ کے لیے روانہ ہوئی تھیں۔ انہوں نے اپنی انسٹا گرام پوسٹ میں ایران سے منحرف ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ''ایران میں ظالمانہ سلوک کی شکار کئی ملین خواتین میں سے ایک ہیں۔‘‘ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایتھلیٹ ایرانی حکومت کے لیے محض 'پراپیگنڈا کا آلہ‘ ہیں۔

اس سے قبل بھی کئی کھلاڑی ایرانی حکومت کے خلاف بطور احتجاج ملک چھوڑ چکے ہیں۔ ان میں 2018ء کے ورلڈ جوڈو چیمپئن سعید المولائی بھی شامل ہیں جنہوں نے واپس گھر جانے سے اس لیے انکار کر دیا تھا کہ انہیں اس لڑائی میں شرکت نہ کرنے کا حکم موصول ہوا تھا جس میں ان کا مقابلہ ایک اسرائیلی کھلاڑی سے ہونا تھا۔ ایران اسرائیل کے وجود کو تسلیم نہیں کرتا۔

ا ب ا / ع س (ڈی پی اے)