1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مودی حکومت کے لیے 24 ارب ڈالر، آر بی آئی کی آزادی مشکوک

27 اگست 2019

بھارتی مرکزی بینک نے وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کو چوبیس ارب ڈالر مہیا کرنے کا اعلان کیا ہے، جسے اس وقت مالی وسائل کی اشد ضرورت ہے۔ ماہرین کے مطابق اس بینک کا یہ اقدام اس کی غیر جانبداری کو پھر مشکوک بنا دے گا۔

https://p.dw.com/p/3OXVH
تصویر: Getty Images

ملکی دارالحکومت نئی دہلی سے منگل ستائیس اگست کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق بھارت ایشیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت ہے، جسے اس وقت اپنے ہاں اقتصادی ترقی کی شرح میں سست روی کے باعث کئی طرح کے مسائل کا سامنا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی خواہش ہے کہ ان کی حکومت کو کسی طرح ایسے نئے لیکن خطیر مالی وسائل میسر آ سکیں، جن کی مدد سے وہ معیشت کو سنبھالا دینے کی کوشش کر سکیں۔

Narendra Modi Fashion Hut
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودیتصویر: imago images/Hindustan Times

ان حالات میں ملک کے مرکزی مالیاتی ادارے ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے اب اعلان کیا کہ وہ مودی حکومت کو 24 ارب ڈالر مہیا کرے گا۔

لیکن ماہرین کے بقول اس مالیاتی ادارے کا یہ فیصلہ اس کی آزادی اور غیر جانبداری کو مشکوک بناتے ہوئے ایک بار پھر اس بارے میں نئی تشویش کی وجہ بنے گا کہ آیا RBI اپنے فیصلے خود اور کسی بھی طرح کی سیاسی مداخلت کے بغیر کرتا ہے۔

نیوز ایجنسی اے ایف پی نے لکھا ہے کہ ریزرو بینک آف انڈیا کی اس کی کارکردگی کے حوالے سے غیر جانبداری کے آئینی تقاضوں کے پس منظر میں اس کا آج کیا جانے والا اعلان اس لیے بھی تشویش کی وجہ بنا ہے کہ ماضی میں اسی بینک کے اعلیٰ اہلکار اپنے عہدوں سے مستعفی بھی ہو چکے ہیں۔ ان اہلکاروں کا الزام تھا کہ دنیا میں آبادی کے لحاط سے اس دوسرے سب سے بڑے ملک کی حکومت مرکزی مالیاتی ادارے کی کارکردگی میں مداخلت کر رہی تھی۔

Indien Einführung neuer Währung - neue Rupie
تصویر: Reuters/J. Dey

مودی کے اقتصادی مسائل

اقتصادی ماہرین کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو اس وقت داخلی طور پر جن بڑے مسائل کا سامنا ہے، ان میں سے ملکی معیشت کی صورت حال سب سے اہم ہے۔  مودی پر اس وقت شدید دباؤ ہے کہ وہ ملکی معیشت میں ترقی کی رفتار بڑھانے کے لیے جلد از جلد فیصلہ کن اقدامات کریں۔

ایسا کرنا اس لیے بھی ضروری ہے کہ بھارتی معیشت میں ترقی کی رفتار گزشتہ مسلسل تین سہ ماہیوں میں کم ہی ہوئی ہے اور اب بھارت اپنا دنیا کی سب سے تیز رفتار ترقی کرنے والی معیشت کا اعزاز بھی کھو چکا ہے۔ اس کے علاوہ بھارت میں اس وقت بے روزگاری کی شرح بھی اتنی زیادہ ہو چکی ہے، جتنی 1970ء کی دہائی کے بعد سے کبھی دیکھنے میں نہیں آئی تھی۔

حکومتی خزانے کے لیے ساڑھے سترہ کھرب روپے

ایسے میں اب ریزرو بینک آف انڈیا نے اعلان کر دیا ہے کہ وہ حکومتی خزانے میں 17.6 کھرب (1.76 ٹریلین) روپے منتقل کر دے گا۔ یہ رقم 24.4 ارب امریکی ڈالر کے برابر بنتی ہے۔ ان رقوم میں اس بینک کو ہونے والا 12.3 ٹریلین روپے کا منافع بھی شامل ہے جبکہ باقی 526 ارب روپے سرمائے کے اضافی محفوظ ذخائر میں سے مہیا کیے جائیں گے۔

سرمائے کے اضافی ذخائر میں سے ریزرو بینک آف انڈیا کی طرف سے حکومتی خزانے کو 526 ارب روپے کی یہ منتقلی اس وجہ سے ممکن ہو سکے گی کہ اس بینک نے کچھ عرصہ قبل مالیاتی منڈیوں میں پائے جانے والے خطرات کا اندازہ لگانے کے لیے اپنا مروجہ طریقہ کار بدل دیا تھا۔

م م / ع ا / اے ایف پی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں