1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’صوبائی الیکشن میں ناکامی کی وجہ میرکل کی مہاجر پالیسی ہے‘

عاطف بلوچ6 ستمبر 2016

حکمران اتحاد میں شامل سیاسی جماعت سی ایس یو کے رہنما ہورسٹ زیہوفر نے صوبائی الیکشن میں مہاجرت مخالف سیاسی پارٹی ’اے ایف ڈی‘ کے ہاتھوں چانسلر میرکل کی پارٹی سی ڈی یو کی شکست کی وجہ میرکل کی مہاجر پالیسی کو قرار دے دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1JwGP
Deutschland Horst Seehofer und Angela Merkel in Potsdam
تصویر: picture-alliance/dpa/R. Hirschberger

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی سیاسی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک پارٹی (سی ڈی یو) کی ہم خیال پارٹی کرسچن سوشل یونین (سی ایس یو) کے رہنما اور باویریا کے وزیر اعلیٰ ہورسٹ زیہوفر نے کہا ہے کہ ریاست میکلن بُرگ ویسٹرن پومیرینیا میں سی ڈی یو کی شکست کی وجہ میرکل کی مہاجر دوست پالیسی بنی ہے۔

جرمن روزنامے زود ڈوئچے سائٹنگ میں منگل کے دن شائع ہونے والے زیہوفر کے ایک بیان کے مطابق مہاجرت مخالف AfD پارٹی کی کامیابی برلن حکومت کی مہاجرین سے متعلق پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

زیہوفر جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی مہاجرین سے متعلق فراخدلانہ پالیسی کے سخت ناقد قرار دیے جاتے ہیں۔ گزشتہ برس جب ایک ملین سے زائد مہاجرین جرمنی میں داخل ہوئے تھے، تب بھی سی ایس یو کے اس رہنما نے اپنے شدید تحفظات ظاہر کیے تھے۔

اپنے اس تازہ بیان میں البتہ زیہوفر نے زیادہ سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا، ’’صورتحال (سی ڈی یو اور سی ایس یو کی) یونین کے لیے خطرہ بنتی جا رہی ہے۔‘‘ انہوں نے زور دیا کہ عوام برلن کی اس پالیسی کی تائید نہیں کرتی ہے۔

میکلن بُرگ ویسٹرن پومیرینیا کے صوبائی انتخابات کے نتائج کو خطرے کی گھنٹی قرار دیتے ہوئے زیہوفر کا کہنا تھا، ’’عوام کا حکومت پر اعتماد متزلزل ہو رہا ہے۔ لوگوں کو علم نہیں ہے کہ یہ (مہاجر) پالیسی کیسے بنائی گئی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ جرمن چانسلر کو چاہیے کہ وہ اپنی توجہ ملک کی داخلی پالیسی پر مرکوز کریں۔

دوسری طرف جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے صوبائی الیکشن میں مہاجرت و اسلام مخالف سیاسی پارٹی اے ایف ڈی سے شکست کے بعد عزم ظاہر کیا ہے کہ ان کی پارٹی عوام کا اعتماد دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

میرکل نے اعتراف کرتے ہوئے کہا ہےکہ وہ اپنی آبائی ریاست میں پارٹی کی شکست کی ’ذمہ دار‘ ہیں۔ تاہم ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ مہاجرین کے حوالے سے ان کی پالیسی درست تھی۔ میرکل نے کہا کہ آئندہ کی حکمت عملی کے لیے منصوبہ بنایا جائے گا اور عوام کا اعتماد جیت لیا جائے گا۔

China G20 Gipfel in Hangzhou - Angela Merkel
میرکل نے اعتراف کرتے ہوئے کہا ہےکہ وہ اپنی آبائی ریاست میں پارٹی کی شکست کی ’ذمہ دار‘ ہیںتصویر: Reuters/E. Oliveau

جی ٹوئنٹی سمٹ کے موقع پر چینی شہر ہانگ جو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جرمن چانسلر کا مزید کہنا تھا کہ مہاجرین کو پناہ دینے کا فیصلہ درست ہے لیکن اس بحران کے حل کے لیے ابھی کئی اقدامات کرنا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہاجرین کے انضمام کی کوشش میں تیزی لانا ہو گی۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ایسے مہاجرین اور تارکین وطن کی ملک بدری میں بھی تیزی لانا ہو گی، جن کی پناہ کی درخواستیں مسترد کی جا چکی ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید