نو ٹن یورینیم روس کو برآمد کر دیا گیا، ایران
20 دسمبر 2015ایران کے جوہری توانائی کے ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی نے اتوار بیس دسمبر کو بتایا کہ روس کو نو ٹن افزودہ یورینیم روانہ کیا جا چکا ہے۔ خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے ایرانی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران رواں برس جولائی میں عالمی طاقتوں کے ساتھ طے پانے والی تاریخی جوہری ڈیل کی پاسداری کر رہا ہے اور اس سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر افزودہ یورینیم روس بھیجا جا رہا ہے۔
ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین جوہری ڈیل کے تحت تہران حکومت نے رضا مندی ظاہر کی تھی کہ وہ اپنی جوہری سرگرمیوں کو محدود بنا دے گی۔ ایران کی طرف سے اس اقدام کے بدلے میں اس پر عائد عالمی مالیاتی پابندیوں میں رفتہ رفتہ نرمی کی جا رہی ہے۔ ایرانی صدر حسن روحانی نے بارہا یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اس ڈیل کا احترام کریں گے۔
ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان تہران کے متنازعہ جوہری پروگرام سے متعلق جو حتمی معاہدہ طے پایا تھا، اس کی ایک شق یہ بھی تھی کہ ایران اپنی جوہری تنصیبات میں افزودہ کیے گئے اس یورینیم کے ذخائر میں واضح کمی کرے گا، جو جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے لیے استعمال ہو سکتا ہے۔ اسی جوہری ڈیل کے تحت ایران نے یورنیم کی اعلیٰ معیار کی افزدوگی کے لیے ملک میں زیر استعمال رہنے والی ہزاروں سینٹری فیوجز کو بھی ناکارہ بنانے کا عمل شروع کر رکھا ہے۔
اس جوہری ڈیل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایران کو آئندہ اپنے پاس صرف 300 کلوگرام اعلیٰ افزودہ یورینیم رکھنے کا حق حاصل ہو گا جبکہ بھاری پانی تیار کرنے والا ایک ری ایکٹر بھی زیادہ تر بند کرنا ہو گا تاکہ اس کے ذریعے وہ پلوٹونیم تیار نہ کیا جا سکے، جسے تباہ کن بم بنانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
علی اکبر صالحی نے اتوار کے دن صحافیوں کو بتایا کہ تہران حکومت اس جوہری ڈیل کے مکمل اطلاق کے لیے تمام تر اقدامات کر رہی ہے اور قوی امید ہے کہ رواں برس کے اختتام تک عالمی برادری کی تمام شرائط کو پورا کر دیا جائے گا۔
اس ڈیل کے اطلاق سے امریکا اور یورپی یونین کی طرف سے ایران پر عائد پابندیاں اٹھا لی جائیں گی۔ تاہم اس سے قبل اقوام متحدہ کی بین الاقوامی ایجسنی برائے جوہری توانائی (آئی اے ای اے) اس بات کی پڑتال کرے گی کہ ایران نے اس ڈیل کے تحت اپنی تمام تر ذمہ داریاں پوری کر دی ہیں۔